یوم شہادت حضرت علیؓ پر1620مجالس اور ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کربھرپور اقدامات کئے جائیں،آئی جی پنجاب

جمعرات 31 مئی 2018 23:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نوازخان نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں 21رمضان المبارک کے موقع پر یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر1620مجالس اور ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کربھرپور اقدامات کئے جائیں اوراس بات پر بطور خاص توجہ دی جائے کہ یوم علی کا سیکورٹی پلان ڈی پی اوز اپنی نگرانی میں تیار کروائیں جبکہ سیکیورٹی کے حوالے سے منتظمین مجالس اور جلوسوں کی مفید تجاویز کو بھی سیکیورٹی پلان تشکیل دیتے وقت مدِ نظر رکھا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ حساس اضلاع اور اے کیٹیگری کے مرکزی جلوسوں کو 4 لئیر سیکیورٹی فراہم کی جائے اورتمام عزاداروں کو واک تھرو گیٹس ، میٹل ڈٹیکٹر سے چیک ہوئے بغیر جلوس میں ہر گز داخل نہ ہونے دیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مارکیٹوں ، بینکوں اور شاپنگ سنٹرز کی سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے اور سٹریٹ کرائم کے واقعات پر قابو پانے کیلئے ڈولفن اور پٹرولنگ فورسز کے گشت کے اوقات کو مزید بڑھایا جائے۔

کچھ اضلاع میں جرائم کی شرح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے متعلقہ آر پی اوز اور ڈی پی اوزسے اظہار برہمی کرتے ہوئے انہیں جرائم کی وارداتوں میں ملوث گینگز اور ملزموں کی گرفتاری کے لیے کارروائیوں کو تیز کرنے اور اپنے اضلاع کے ایکٹو کریمنلز کے خلاف بھرپور ایکشن کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ جرائم سے متاثرہ علاقوں میں پٹرولنگ میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کے سلسلے کو بھی تیز کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ آر پی اوز ، ڈی پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس میں افسران کو ہدایات کرتے ہوئے کہا ۔ کانفرنس میںسی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار خان ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار،آر پی او بہاولپوروسیم احمد سیال ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر معین مسعوداور ڈی آئی جی لیگل عبد الرب سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے جبکہ صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی ۔

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، عامر ذوالفقار خان نے کانفرنس میں بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ 40ہزارسے زائد پولیس افسران، اہلکار اور رضا کار یوم علی کے موقع پر پنجاب بھر میں سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ 261واک تھرو گیٹس،5382میٹل ڈیٹیکڑز اور996سی سی ٹی وی کیمرے جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کے لیے نصب کیے جائیں گے۔

کانفرنس میں سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس اور تمام آرپی اوز نے اپنے اضلاع اور ریجن میں رمضان کے آخری عشرے بالخصوص یوم علی اور جمعتہ الوداع کے سیکیورٹی پلان کے حوالے سے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کاسلسلہ جاری ہے اور سینئر پولیس افسران تمام اقدامات اپنی نگرانی میں مکمل کروارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اہم مارکیٹوں اور کاروباری مراکزکے گردو نواح میں ڈولفن اور دیگر پٹرولنگ فورسز کے گشتی اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے ۔ انہوںنے ہدایت کی کہ اہم شاہرائوں پر ٹریفک مینجمنٹ کے مسائل پر قابو پانے کیلئے سینئر افسران تمام اقدامات کی بذات خود نگرانی کریں اور ہر قسم کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ آئی جی پنجا ب نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں اہم شخصیات کے سیکیورٹی عملے کی تعدادہر صورت جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق ہو اور صوبے کے تمام اضلاع میں عدالتوں کی سیکیورٹی انتظامات میں مزید بہتری لاتے ہوئے تمام سائلین اور مقدمات کی پیروی کیلئے آنے والے فریقین کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد عدالت کے احاطے میں داخلے کی اجازت دی جائے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بابرکت مہینے کے آخری عشرے کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میںمارکیٹوں ، شاپنگ پلازوں کے ساتھ ساتھ کاروباری مراکز کی سیکیورٹی کیلئے اقدامات میں کوئی کمی نہ آنے پائے ۔