پنجاب فوڈ اتھارٹی کی رمضان میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑی کاروائی

جعلی مشروب کی 900تیار،2800خالی بوتلیں، 3 مشینیں، 4فلنگ سلنڈرز، 2پیکنگ مشینیں ضبط،مقدمہ درج جام شیریں اور کولا ڈرنکس میں جعل سازی کرنے والے گرمیوں بالخصوص رمضان المبارک میں زیادہ متحر ک ہوتے ہیں : ڈی جی فوڈ اتھارٹی

جمعرات 31 مئی 2018 23:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی ویجیلنس سیل نے رمضان میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑی کاروائی کرتے ہوئے روح افزا اور جام شیریں بنانے والی فیکٹری سیل کر دی۔جعلی روح افزاء اور جام شیریں کی 900سے زائد تیار ، 2800خالی بوتلیں، بھاری مقدار میں پیکنگ مٹیریل،3 مشینیں، 4فلنگ سلنڈرز، 2پیکنگ مشینوں سمیت تمام سامان اکھاڑ کر ضبط کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ویجیلنس نے علی الصبح ملاوٹ مافیاکے خلاف کاروائی کرتے ہوئے روح افزا اور جام شیریں بنانے والی فیکٹری پکڑلی۔یاد رہے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمز جعلی جام شیریںتیار کرنے والی فیکڑی کو پہلے شاد باغ سے ختم کر چکی ہیں۔جعلی مشروب بنانے والی فیکٹری کو جڑ سے ختم کرنے کے بعد ویجیلنس سیل کی ریکی ٹیم کی جانب سے فیکٹری مالک پر نظر رکھی گئی تھی۔

(جاری ہے)

جعل سازی کا مکروہ دھندہ شاہدرہ میں دوبارہ شروع کرتے ہی ویجیلنس سیل نے کاروائی کرکے فیکٹری کو جڑ سے اکھاڑ دیا۔ جس میں جعلی شربت کی بڑی کھیپ عید کے دنوں میں سپلائی کرنے کے لیے تیار کی جا رہی تھی۔جعلی مشروب کا زہر تیار کرنے والے فیکڑی مالک کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ جام شیریں اور کولا ڈرنکس میں جعل سازی کرنے والے گرمیوں بالخصوص رمضان المبارک میں ذیادہ متحر ک ہوتے ہیں۔انہوں نے عوام سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ مستند جگہ سے معیاری اشیاء خوردونوش خرید یں۔

متعلقہ عنوان :