پیپلز پارٹی پارلیمنٹری بورڈ کی جانب سے پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند لاڑکانہ ڈویژن کے امیدواران کے انٹرویز کا سلسلہ جاری

جمعرات 31 مئی 2018 23:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمنٹری بورڈ کی جانب سے سندھ میں پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند امیدواران سے انٹرویوز لینے کے آخری مرحلے کے دوران لاڑکانہ ڈویژن کی 8 قومی اور 17 صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے لیئے بلاول ہائوس میں انٹرویوز لیئے گئے۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی پارلیمنٹرینز کے سربراہ آصف علی زرداری کی زیر صدارت پارلیمنٹری بورڈ نے بدھ تک صوبے کی 5 ڈویژنز کے پارٹی امیدواران کے انٹرویوز مکمل کرلیئے تھے۔

انٹویوز کے دوران پارلیمنٹری بورڈ کے دیگر ارکان پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور، سینیٹر شیری رحمان، سید قائم علی شاہ، سید خورشید شاہ، مراد علی شاہ، نوید قمر، نثار احمد کھوڑو، وقار مہدی اور شگفتہ جمانی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ خود کو لاڑکانہ کے حلقہ -1 کے لیئے بطور امیدوار پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ حلقے سے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہر الیکشن میں بہت بہاری اکثریت سے کامیاب ہوتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات جیالوں اور جمہوریت پسند کارکنان کے لیئے بڑا امتحان ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ ملک بھر سے پارٹی امیدوران کی کامیابی کے لیئے بھرپور تیاریاں شروع کردیں۔