پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کے پانچ سالا دور حکومت کو ناکام ترین قرار دے دیا

نواز شریف نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا نعرا لگا کر پورے ملک سے بجلی کا خاتمہ کیا۔سستی بجلی کا نعرہ لگا کر نرخ کئی گنا بڑھا دینا ناکام لیگ کا کارنامہ ہے وفاق کا سارا ترقیاتی بجٹ پنجاب کے مخصوص علاقے پر لگا کر چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی بڑھایا گیا، چھوٹے صوبوں کو جھوٹے وعدوں اور دلاسوں پر ٹرخایا گیا

جمعرات مئی 23:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کے پانچ سالا دور حکومت کو ناکام ترین قرار دے دیا۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ نون لیگ کا دور حکومت جھوٹ، دروغ گوئی، چالبازی کے سوا کچھ نہیں۔ نواز شریف نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا نعرا لگا کر پورے ملک سے بجلی کا خاتمہ کیا۔سستی بجلی کا نعرہ لگا کر نرخ کئی گنا بڑھا دینا ناکام لیگ کا کارنامہ ہے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وفاق کا سارا ترقیاتی بجٹ پنجاب کے مخصوص علاقے پر لگا کر چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی بڑھایا گیا۔پانچ سال چھوٹے صوبوں کو جھوٹے وعدوں اور دلاسوں پر ٹرخایا گیا۔ نیا ایف ایف سی ایوارڈ دینے کے بجائے صوبوں کے مالی حصے پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ نون لیگ کے دور حکومت سے لگتا ہے جیسے ان کا منشور وفاق پاکستان کو کمزور کرنا تھا۔

(جاری ہے)

نون لیگ نے ایک ایجنڈا بنا کر زرعی معیشت کا بیڑا غرق کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو بیرون ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبا کر ملک کو غلام بنا دیا گیا۔ تخت جاتی امرا نے سی پیک کے نام پر تمام وسائل اپنے گھر کے ارد گرد خرچ کئے۔ نواز شریف نے ایک منصوبہ بندی کے تحت پارلیمنٹ کو کمزور کیا۔ سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ پارلیمنٹ کو کمزور، عدلیہ اور دیگر اداروں سے تصادم کے ذریعے ملک کی جڑیں کھوکھلی کی گئیں۔

نون لیگ پہلے جی ٹی روڈ تک محدود تھی ان پانچ سال میں مزید سکڑ گئی ہے۔ شریفوں کا اقتدار پارلیمنٹ،، جمہوریت ، اداروں اور عوام سب کیلئے بدترین رہا۔ کھوکھلے نعرے لگا لگا ڈرامہ کرنے والے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے۔قوم عام انتخابات میں ضیا کی باقیات کو مسترد کرے گی۔ عوام، ملک کے مسائل اور جمہوریت کو درپیش خطرات کا حل صرف اور صرف پی پی کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ نون اور تحریک انصاف جی ٹی روڈ کی لڑائی سے فرصت نہیں انہیں عوام کا درد کہاں۔ چیئرمن بلاول کی قیادت میں پی پی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔