فاٹا انضمام کے بعد قبائلی علاقوں کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے فاٹا کے نوجوانوں کو اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرنا ہوگا،ملک ریاض

قبائلی علاقوں سے پسماندگی کے خاتمے اور انہیں ترقی یافتہ بنانے کیلئے ہرقسم کا تعائون کرنے کیلئے تیار ہیں ،فاٹا یوٹھ جرگہ کے اراکین کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب

جمعرات مئی 23:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی2018ء) بحریہ ٹائون کے چیرمین ملک ریاض نے کہاہے کہ فاٹا انضمام کے بعد قبائلی علاقوں کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے فاٹا کے نوجوانوں کو اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرنا ہوگا،قبائلی علاقوں سے پسماندگی کے خاتمے اور انہیں ترقی یافتہ بنانے کیلئے ہرقسم کا تعائون کرنے کیلئے تیار ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز فاٹا یوٹھ جرگہ کے اراکین کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

ملک ریاض نے کہاکہ آج ہمارے لئے خوشی کا دن ہے فاٹا انضمام کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن ،،تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت تمام بڑی جماعتوں نے اپنا کردار ادا کیا ہے اور اب ہماری ذمہ داری ہے کہ فاٹا کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں انہوں نے کہاکہ فاٹا انضمام کیلئے قبائلی نوجوانوں کی تحریک کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور اس تحریک میں شامل قبائلی نوجوانوں کی ذمہ داریاں ختم نہیں ہوئی ہیں بلکہ اس میں مذید اضافہ ہوگیا ہے انہوںنے کہاکہ قبائلی نوجوانوں کو فاٹا انضمام کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے بھرپور محنت کرنا ہوگی اور وہ دن دور نہیں جب قبائلی علاقے بھی دیگر شہروں کی طرح ہر قسم کی سہولیات سے آراستہ ہونگے انہوںنے کہاکہ قبائلی نوجوانوں کو بھی کسی کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے علاقوں کو ترقی دینی ہوگی جس طرح سیالکوٹ کے تاجروں نے اپنے علاقے کو ترقی دی ہے اور اگر قبائلی نوجوانوںنے محنت اور لگن کے ساتھ کام کیا تو وہ دن دور نہیں جب فاٹا کے علاقے بھی اسلام ،،لاہور اور کراچی کی طرح ترقی یافتہ شہروں میں شامل ہونگے انہوںنے کہاکہ بحریہ ٹائون کی جانب سے قبائل کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن تعائون کیا جائے گا اور جس جس علاقے میں تعلیم ،صحت اور دیگر سہولیات کی ضرورت ہوگی اسے پورا کیا جائے گا انہوںنے کہاکہ بحریہ ٹائون کی جانب سے مختلف مقامات پر بحریہ دسترخوان قائم کئے جائیں گے اسی طرح سکولوں کی اپ گریڈیشن سمیت تمام ضروریات کو پورا کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے اس موقع پر معروف صحافی سلیم صافی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فاٹا انضمام کا مقصد قبائل کو قومی دھارے میں شامل کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے جن سیاسی جماعتوں نے قومی اسمبلی اور سینٹ میں ہمارا ساتھ دیا ہے ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے فاٹا یوتھ جرگہ کے اراکین کو بھی فاٹا انضمام کے حوالے سے چلائی جانے والی تحریک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ یوتھ جرگے میں تمام قبائلی علاقوں اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان شامل ہیں جس کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ فاٹا کی پسماندگی کو ختم کرکے انہیں قومی دھارے میں شامل کیا جائے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میجر (ر) عامر نے کہاکہ قبائلی نوجوانوں نے فاٹا انضمام کیلئے جس محنت اور لگن سے کام کیا ہے اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں انہوںنے کہاکہ قبائلی علاقوں کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے کسی منظور پشین کی نہیں بلکہ ان جیسے نوجوانوں کی تحریک کی ضرورت ہے اور پورے ملک کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ دریائے اٹک کے اس پار اباد پختون کسی کے دشمن نہیں ہیں بلکہ سب سے زیادہ محب وطن ہیں انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام کو درپیش ہر مشکل وقت میں ملک ریاض نے ان کا بھرپور ساتھ دیا ہے تقریب سے فاٹا یوتھ جرگے کے چیرمین عنایت نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہمارے لئے بے حد خوشی کا دن ہے کہ ہمیں انگریز کے کالے قانون ایف سی آر سے نجات ملی ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی آزادی اور بقاء کی خاطر قبائلیوں نے بے حد قربانیاں دی ہیں اور فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد ہمیں ان قربانیوں کا صلہ مل گیا ہے انہوںنے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے پاک فوج سمیت ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا کہ فاٹا کے نوجوان ملک ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

۔۔۔۔اعجاز خان