رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے احترام میں تاجر اور دکاندار حضرات گرانفروشی ،منافع خوری ،ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ شدہ اشیاء خوردونوش کی خرید وفروخت سے اجتناب کریں‘ سحر اور افطار ،نمازتراویح اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں‘ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)فرخ عتیق

جمعہ جون 00:40

کوئٹہ۔31 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)فرخ عتیق نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے احترام میں تاجر اور دکاندار حضرات گرانفروشی، منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ شدہ اشیاء خوردونوش کی خرید وفروخت سے اجتناب کریں ،سرکاری ریٹ پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔

اس کے علاوہ سحر اور افطار ،نمازتراویح اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔ماہ مبارک میں احترام رمضان آرڈینس کی خلاف ورزی کرنے اور مہنگے داموں اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے آفسران اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے ممبران سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی خصوصی ہدایت پر ماہ صیام میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ عوام کو مقدس ماہ میں منافع خوروں ،گرانفروشی اور ملاوٹ کرنے والوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ،انہوں نے کہاکہ کیمیکل شدہ دودھ اور سمگل شدہ خشک دودھ فروخت کرنے والوں کیخلاف کاروائی کو مزید تیز کیا جائے ۔

پرائس کنٹرول کمیٹی شہر کے مختلف علاقوں میں اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں پرائس لسٹ اور قیمتوں میں چیک اینڈ بیلنس رکھنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کررہی ہے۔ان کارروائیوں میں متعین کردہ نرخوں سے زیادہ قیمت پر اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی میں گرفتار یاں اور جرمانوں کے عالوہ دکانیں بھی سیل کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوںکو ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے ر رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکے اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ افطاری اور رش کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے ۔انہوں نے کہا کہ نماز تراویح اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات کیلئے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کی خاطر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر جامعہ سیکورٹی پلان پر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو اپنی کارروائیوں مزید موثر اور تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔