برطانیہ کے معروف سرجن پروفیسر فلپ رانسلی کی پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس سے ملاقات

جمعہ 1 جون 2018 01:00

اسلام آباد ۔31 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) برطانیہ کے معروف سرجن پروفیسر فلپ رانسلی نے جمعرات کو پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس سے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ملاقات کی۔ لندن سے موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پروفیسر رانسلی کا پاکستان کے ساتھ تعلق 25 سال پرانا ہے جب انہوں نے سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کا دورہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

کراچی میں واقع یہ ادارہ گردوں، جگر اور یورالوجی سے متعلق امراض میں مبتلا لاکھوںمریضوں کا علاج کر رہا ہے۔ انہوں نے اپنے ان دوروں میں نوجوان سرجنز کو مختلف لیکچرز دیئے۔ حکومت پاکستان نے 2010ء میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا۔ ملاقات میں ہائی کمشنر نے پروفیسر رانسلی کی پاکستانی شہریوں کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انکی کوششوں سے کئی سالوں سے ہزاروں پاکستانی میڈیسن کے شعبہ میں مستفید ہو رہے ہیں۔ ملاقات میں میڈیکل سائنس کے شعبہ میں مستقبل میں مزید تعاون پر غور کیا گیا۔ ہائی کمشنر نے پروفیسر رانسلی کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔