سعودی عرب کا یمن کے شہر مآرب میں علاقائی ہوائی اڈے کی تعمیر کا اعلان

جمعہ جون 10:20

صنعاء۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون2018ء) یمن کے مشرقی شہر مآرب میں سعودی عرب نے ہوائی اڈے سمیت شہری ڈھانچے کی تعمیر کا ا علان کیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق یمن میں تعیّنات سعودی سفیر محمد سعید آل جابر نے مملکت کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ مآرب کا دورہ کیا ہے اور وہاں کے مقامی حکام سے ملاقات کی ہے۔انھوں نے اس گورنری میں شہری ڈھانچے کی تعمیرِ نو کے لیے ایک پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اس ترقیاتی پروگرام کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہم اس صوبے میں تعمیر نو کا ایک دفتر بھی قائم کریں گے اور وہ انفرا سٹرکچر کے منصوبوں پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گا۔۔سعودی سفیر نے بتایا کہ یہ دفتر مآرب میں سڑکوں ، بجلی کی فراہمی اور نکاسی ِ آب کے منصوبوں کے علاوہ ایک علاقائی ہوائی اڈا بھی تعمیر کرے گا۔ان منصوبوں سے شہریوں کو بہتر سہولتیں مہیا ہونے کے علاوہ روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔۔سعودی وفد کے مآرب دورے کے موقع پر یمن کے وزیر تعمیرات معین عبدالمالک اور مآرب کے گورنر سلطان العرضا بھی موجود تھے۔انھوں نے جامعہ سبا اور جنرل ہسپتال کی تعمیر نو کے لیے بھی مدد کی ضرورت پر زور دیا۔