سلامتی کونسل میں فلسطین مخالف بیان رکوانے میں کویت کا کردار قابل تحسین ہے ،حماس

جمعہ 1 جون 2018 11:10

غزہ۔یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے کویت کی جانب سے سلامتی کونسل میں فلسطینی تحریک مزاحمت کی مذمت میں پیش کی گئی امریکی اور اسرائیلی قرارداد کو ناکام بنانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کویت کے جاندار سفارتی کردار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن عزت الرشق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حماس برادر ملک کویت کی سلامتی کونسل میں فلسطینیوں کی حمایت میں مساعی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ کویت نے سلامتی کونسل میں امریکا کی طرف سے فلسطینی مزاحمت کاروں اور غزہ کی پٹی کے فلسطینی مجاہدین کی کارروائیوں کو اشتعال انگیز قرار دینے کے بیان کو ناکام بنا کر یہ ثابت کیا ہے کہ کویت کی حکومت فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ امیر کویت کی جانب سے غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کو دہشت گرد قرار دینے پر مبنی بیان روکنے میں اہم کرادار ادا کیا اور انہوں نے فلسطینیوں کی مسلح جدو جہد کو عالمی فورم پر تسلیم کرایا ہے۔انہوں نے تمام عرب اور مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل مین فلسطینی قوم کے حقوق اور ان کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت کریں ۔