ماہرہ اور فواد خان بھارتی میگزین کے سرورق کی زینت

پاکستانی خانز یعنی ماہرہ خان اور فواد خان کے بھی بولی وڈ اور بھارت بھر میں چرچے رہتے ہیں

جمعہ 1 جون 2018 12:01

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) پاکستانی ڈراموں و فلموں کی مقبول و رومانوی جوڑی ماہرہ اور فواد خان کے مداح نہ صرف پاکستان بلکہ سرحد پار بھی موجود ہیں۔بولی وڈ میں جہاں خانز کے چرچے رہتے ہیں وہیں اب پاکستانی خانز یعنی ماہرہ خان اور فواد خان کے بھی بولی وڈ اور بھارت بھر میں چرچے رہتے ہیں۔اگرچہ سیاسی کشیدگی کے باعث گزشتہ کچھ عرصے سے فواد اور ماہرہ خان سمیت دیگر پاکستانی فنکار بھارتی و بولی وڈ منصوبوں میں نظر نہیں آ رہے۔

تاہم ماہرہ اور فواد خان کے بھارتی مداح انہیں معروف فیشن میگزین کے سرورق پر دیکھ کر ضرور خوش ہوئے ہوں گے۔جی ہاں پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان اور فواد خان انڈیا ٹوڈے کے فیشن میگزین ’برائڈز‘ کے سرورق کی زینت بنے ہیں، جس میں انہوں نے پاکستانی فیشن ڈیزائنر اور فواد خان کی اہلیہ صدف فواد خان کے تیار کردہ لباس پہنے ہیں۔

(جاری ہے)

فیشن میگزین کے سرورق کی تصویر میں ماہرہ اور فواد خان کو دیکھ کر کئی لوگوں کو ان کا مقبول ڈرامہ ’ہمسفر‘ یاد آگیا، جس کا اظہار انہوں نے اپنی ٹوئیٹس میں کیا۔

ماہرہ اور فواد خان کو ایک ساتھ فوٹوشوٹ میں دکھانے کے حوالے سے فیشن ڈیزائنر صدف فواد خان نے کہا کہ انہوں نے دونوں اداکاروں کے لباس کو خصوصی طور پر تیار کرکے ان کے فوٹو شوٹ کو یادگار بنانے کی کوشش کی ہے۔صدف فواد خان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کے فوٹو شوٹ کے لیے وہ عام لباس تیار کرکے انہیں عام جوڑے کی طرح دکھائیں۔

متعلقہ عنوان :