شاہد آفریدی اپنے آخری انٹر نیشنل میچ میں بڑا اعزاز اپنے نام کرنے میں ناکام

سابق کپتان دو بڑے اعزازات حاصل نہ کر سکے

جمعہ جون 12:03

شاہد آفریدی اپنے آخری انٹر نیشنل میچ میں بڑا اعزاز اپنے نام کرنے میں ..
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2018 ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اپنے آخری انٹر نیشنل میچ میں ایک بڑا اعزاز اپنے نام کرنے میں ناکام رہے۔38سالہ شاہد آفرید ی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف چیریٹی میچ کے لیے ورلڈ الیون کی ٹیم کاکپتان مقرر کیا گیا تھا ، اس میچ کو انٹر نیشنل سٹیٹس حاصل تھا اور یہ شاہد آفریدی کے انٹر نیشنل کیریئر کا آخری میچ تھا،میچ سے قبل ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں نے پاکستانی آل راﺅنڈر شاہد آفریدی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا،قومی ٹیم کے سابق کپتان کو اس میچ میں 100انٹر نیشنل ٹی ٹونٹی وکٹیں لینے کے لیے 3وکٹوں کی ضرورت تھی تاہم وہ صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے، یہ شاہد آفریدی کے انٹر نیشنل کیریئر کا 99واں میچ تھا اور یو ں وہ 100انٹر نیشنل ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے پہلے کھلاڑی بھی نہیں بن سکے ۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی نے اپنے انٹر نیشنل ٹی ٹونٹی میچز میں 99میچز کھیل کر24.44کی اوسط سے98وکٹیں حاصل کیں ۔یاد رہے کہ لارڈز کرکٹ گراﺅنڈ پر کھیلے گئے اس چیریٹی ٹونٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے ورلڈ الیون کو 72رنز سے ہرادیا۔ارما اور ماریہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے لارڈز کے تاریخی میدان پر منعقد ہونے والے میچ میں ورلڈ الیون کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

ورلڈ الیون کی قیادت عالمی شہرت یافتہ پاکستانی آل راﺅنڈر شاہد آفریدی کررہے تھے۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 199رنز بنائے، لیوس نے 58، سیمیوئیل نے 43 اور دنیش رام دین نے 44رنز کی باریاں کھیلیں۔جواب میں ورلڈ الیون 17ویں اوور میں ہی 127رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، شاہد آفریدی بھی صرف 11رنز بناسکے۔ تھیساراپریرا 61رنز بناکر نمایاں رہے۔ولیمز نے 3، آندرے رسل اور سیمیول بدری نے 2،2وکٹیں لیں۔