مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی کشمیر قرار دادوں کی روشنی میں استصواب رائے کے ذریعہ حل کیا جانا وقت کا اہم تقاضا ہے‘ناصر حسین ڈار

جمعہ 1 جون 2018 12:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) آزاکشمیر حکومت کے وزیر بحالیات و ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی کشمیر قرار دادوں کی روشنی میں استصواب رائے کے ذریعہ حل کیا جانا وقت کا اہم تقاضا ہے اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کے اندوہناک مظالم کے خاتمہ کے لیے بھارت سرکارپر اپنا دبائو بڑھانا چاہے تاکہ عالمی امن پر چھائے ہوئے ایٹمی جنگ کے بادل چھٹ سکیں ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے ورکرز سے ملاقات کے دوران ناصر حسین ڈار نے مزید کہا ہے کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالہ سے بار بار اپنے وعدوں کی صریحاًخلاف ورزی کی ہے اور وہ مکروہ فریب سے کام لیکر دو طرفہ مذاکرات کی آڑ میں ہمیشہ معاملہ کو طول دیتا رہا ہے ۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے تنازعہ کا حل ایک مرتبہ پھر سے عالمی ایجنڈہ پر رکھا جانا چاہے ۔ ناصر حسین ڈار وزیر بحالیات آزاد کشمیر نے باور کرایا ہے کہ آج پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک بڑی معیشت بن کر ابھر رہا ہے اس لیے دنیا میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے ورلڈ آرڈر کی از سر نو تنظیم کی ضرورت ہے ۔