Live Updates

چوہدری نثار مسلم لیگ ن سے’ آؤٹ ‘

ناراض لیگی رہنماء کی اگلی منزل کیا ہوگی، تحریک انصاف کیلئے بڑی خبر آگئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 1 جون 2018 12:35

چوہدری نثار مسلم لیگ ن سے’ آؤٹ ‘
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2018ء) :مسلم لیگ ن نے پارٹی کے سینیر رہنما چودھری نثار علی خان کو ٹکٹ نہ دینے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن نے چودھری نثار علی خان کو عام انتخابات 2018ء میں پارٹی ٹکٹ نہ دینے کا حتمی فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اب چودھری نثار علی خان کے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ چودھری نثار علی خان کا آج پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نا اہل وزیرا عظم نواز شریف نے اپنے بھائی شہباز شریف کو اس بات پر قائل کر لیا ہے کہ چودھری نثار علی خان کو پارٹی ٹکٹ نہ دینے پر پارٹی کو کوئی نقصان نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب چودھری نثار علی خان مریم نواز اور حمزہ شہباز کو بھی کسی صورت لیڈر ماننے کو تیار نہیں ہیں، ایسی صورتحال میں نادان دوستوں سے دانشور دشمن بہتر ہے جس کے نتیجے میں شہباز شریف نے گذشتہ روز اپنی توہین آمیز باڈی لینگوئج سے چودھری نثار علی خان کو ایک پیغام دیا کہ چودھری نثار علی خان ایک شکایتی انسان ہے اور وہ بچپنے سے کبھی باہر نہیں آئے۔

عموماً وہ میری شکایتیں بھی نواز شریف سے لگایا کرتے تھے۔ شہباز شریف کی اس توہین آمیز باڈی لینگوئج پر چودھری نثار علی خان نے بھی اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کو میرے اوپر تبصرہ کرنے کی بجائے پارٹی حالات پر نظر رکھنی چاہئیے۔ جس پر مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری نثار علی خان کی آخری ٹک ٹک جاری ہے۔ اور وہ چاہتے ہیں کہ چودھری نثار علی خان از خود کسی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لیں۔

تاکہ راولپنڈی ڈویژن میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق انہیں ان سے کوئی مشاورت نہ کرنی پڑے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری نثار علی خان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی کوششیں کی جارہی ہیں، اور عین ممکن ہے کہ بہت جلد پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان چودھری نثار علی خان کی رہائش گاہ پر جا کر انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل چودھری نثار علی خان پارٹی پالیسیوں سے کئی مرتبہ اختلافات کر چکے ہیں، ان کے اختلافات کو دیکھتے ہوئے ہی یہ خیال کیا جارہا ہے کہ اب چودھری نثار علی خان زیادہ دیر مسلم لیگ ن میں نہیں رہیں گے۔ چودھری نثار علی خان سے متعلق دو آپشنز زیر تبصرہ ہیں، ایک یہ کہ ہو سکتا ہے کہ وہ عام انتخابات سے قبل پی ٹی آئی میں شامل ہو جائیں اور دوسرا یہ کہ ہو سکتا ہے کہ چودھری نثار علی خان عام انتخابات سے قبل کسی پارٹی میں شمولیت اختیار نہ کریں بلکہ مسلم لیگ ن کو خیرباد کہیں اور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات