غزہ جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے،اقوام متحدہ ایلچی کا انتباہ

حملوں کا حالیہ سلسلہ ہم سب کے لیے وارننگ، روز بروز جنگ کے دہانے کے کتنے قریب ہوتے جارہے ہیں،خطاب

جمعہ 1 جون 2018 13:14

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) مشرق ِاوسط کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی نیکولے ملادینوف نے سلامتی کونسل کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی تنظیم حماس کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد غزہ جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق نیکولے ملادینوف نے یہ انتباہ ایسے وقت میں جاری کیا جب سلامتی کونسل میں غزہ میں اسرائیل اور فلسطینی تنظیموں کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کے حوالے سے تعطل برقرار ہے اور کونسل ایسا کوئی فیصلہ نہیں کرپائی ہے جس سے صورت حال کو مزید خراب ہونے سے روکا جاسکے۔

وہ مقبوضہ بیت المقدس سے ویڈیو لنک کے ذریعے سلامتی کونسل کے اجلاس میں شر یک ہوئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ حملوں کا حالیہ سلسلہ ہم سب کے لیے ایک انتباہ ہے کہ ہم روز بروز جنگ کے دہانے کے کتنے قریب ہوتے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

کونسل کا یہ ہنگامی اجلاس امریکا کی درخواست پر بلایا گیا تھا ۔اس نے سلامتی کونسل سے کہا تھا کہ وہ غزہ سے حماس اور اسلامی جہاد کے اسرائیل کی جانب راکٹ حملوں کی مذمت کرے لیکن کونسل کے ایک غیر مستقل رکن ملک کویت نے امریکا کے پیش کردہ بیان کو بلاک کردیا اور اس نے یہ موقف اختیار کیا کہ اس نے اپنی ایک مجوزہ قرارداد پیش کی ہے اور اس میں اس پورے بحران کا احاطہ کیا گیا ہے۔

سلامتی کونسل میں جاری تعطل کے تناظر میں فرانس نے خبردار کیا کہ غزہ بحران کے حل کے لیے کسی ردعمل پر اتفاق میں ناکامی سے اقوام متحدہ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔فرانسیسی سفیر فرانکو ڈیلاترے نے کہا کہ ’’یہ بڑھتی ہوئی خاموشی ، جو بہرے پن کی شکل اختیار کرتی جارہی ہے،ہرگز بھی قابلِ قبول نہیں ہے۔یہ اس تنازع سے متاثر ہونے والے فلسطینیوں اور اسرائیلی آبادی کے لیے قابل قبول ہے اور نہ اس دنیا کے لیے جس کی نظریں ہم پر لگی ہوئی ہیں۔