سعودی عرب کا یمن کے شہر مآرب میں علاقائی ہوائی اڈے کی تعمیر کا اعلان

مذکورہ ترقیاتی پروگرام کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر عملی جامہ پہنایا جارہا ہے،سعودی سفیر کی گفتگو

جمعہ 1 جون 2018 13:14

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) یمن کے مشرقی شہر مآرب میں سعودی عرب نے ہوائی اڈے سمیت شہری ڈھانچے کی تعمیر کا ا علان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یمن میں متعیّن سعودی سفیر محمد سعید آل جابر نے مملکت کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ مآرب کا دورہ کیا ہے اور وہاں کے مقامی حکام سے ملاقات کی ہے۔انھوں نے اس گورنری میں شہری ڈھانچے کی تعمیرِ نو کے لیے ایک پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس ترقیاتی پروگرام کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم اس صوبے میں تعمیر نو کا ایک دفتر بھی قائم کریں گے اور وہ انفرااسٹرکچے کے منصوبوں پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گا۔سعودی سفیر نے بتایا کہ یہ دفتر مآرب میں سڑکوں ، بجلی کی فراہمی اور نکاسی ِ آب کے منصوبوں کے علاوہ ایک علاقائی ہوائی اڈا بھی تعمیر کرے گا۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں سے شہریوں کو بہتر سہولتیں مہیا ہونے کے علاوہ روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔

سعودی سفیر نے اس گورنری سے تعلق رکھنے والے یمنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کا تحفظ کریں اور انھیں حوثی ملیشیا کے ہاتھ لگنے سے بچائیں تاکہ وہ انھیں جنگ میں نہ جھونک سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ یمن کی آنے والی نسلوں کا مستقبل بہت تابناک ہے۔سعودی وفد کے مآرب دورے کے موقع پر یمن کے وزیر تعمیرات معین عبدالمالک اور مآرب کے گورنر سلطان العرضا بھی موجود تھے۔ یمنی حکام نے سعودی وفد کو شہر میں ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بتایا ۔انھوں نے جامعہ سبا اور جنرل اسپتال کی تعمیر نو کے لیے بھی مدد کی ضرورت پر زور دیا ۔