امریکی محصولات کا جواب فوری ٹیکس لگا کر دیں گے، یورپ کی دھمکی

ہمارے پاس بھی امریکی اشیاء پر ٹیکس لگا نے کے سوا آپشن نہیں،معاملہ عالمی ادارے میں لے جائیں گے،صدریونین

جمعہ 1 جون 2018 13:21

امریکی محصولات کا جواب فوری ٹیکس لگا کر دیں گے، یورپ کی دھمکی
برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے پر کہ امریکہ اپنے تجارتی شراکت داروں سے درآمد کیے جانے والے اسٹیل اور المونیم پر محصولات عائد کرے گا، جن میں یورپی یونین بھی شامل ہے، فوری اور تندو تیز رد عمل دیکھنے میں آیا ہے، جس سے بحر اوقیانوس کے آر پار کے ملکوں میں تجارتی جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

یورپی کمشن کے صدر جین کلاؤڈ جنکر نے کہا ہے کہ یورپی بلاک اس کا جواب امریکہ کی اپنی برآمدات پر ٹیکس لگا کر دے گا۔کینیڈا اور میکسیکو کے عہدے داروں نے بھی جوابی طور پر محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی ہے لیکن ابھی تک انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کن امریکی مصنوعات کو ہدف بنایا جائے گا۔تاہم دونوں ملکوں نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس انہیں بدستور ٹیکسوں کی چھوٹ فراہم کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

امریکی ٹی وی کے مطابق یورپی یونین کے صدر جنکر نے امریکی اقدام کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپ کے پاس اس کے سوا کوئی اور متبادل نہیں ہے کہ وہ امریکی اشیاء پر ٹیکس لگا دیں اور یہ معاملہ جنیوا میں عالمی تجارتی ادارے کے پاس لے جائیں۔یورپی یونین اعلانیہ کہہ چکی ہے کہ اگر امریکی محصولات عائد کرتا ہے تو وہ بھی لیوائز کی تیار کردہ جینز، موٹرسائیکلوں اور وہسکی پر ٹیکس لگا دے گی۔بڑے بڑے یورپی کاروباروں نے خبردار کیا کہ حکومتیں محصولات لگانے کے مقابلے سے باز رہیں۔ اگر ایسا ہوا تو بحراقیانوس کے ملکوں میں تجارتی نظام درہم برہم ہو جائے گا۔