نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے آتے ساتھ بڑا اعلان کر دیا

الیکشن ہوں گے اور بر وقت ہوں گے،میں الیکشن کروانے آیا ہوں۔اور مقررہ مدت میں الیکشن کرائیں گے،نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 1 جون 2018 12:44

نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک  نے آتے ساتھ بڑا اعلان کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2018ء) : نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کا صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکشن ہو گا اور ضرور ہو گا۔عام انتخابات بر وقت ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم ناصر الملک نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے اور اب نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک وزیر اعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جا رہا ہے۔

نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ہو گا اور ضرور ہو گا۔اور عام انتخابات بر وقت ہوں گے۔میں الیکشن کروانے آیا ہوں۔اور مقررہ مدت میں الیکشن کرائیں گے۔نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کا مزید کہنا تھا کہ نگراں کابینہ کا حجم کم سے کم رکھوں گا۔

(جاری ہے)

اور جلد ہی نگراں کابینہ تشکیل دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں الیکشن کمیشن کی معاونت کروں گا۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے حکومت اور اپوزیشن کے مابین نگران وزیر اعظم کے عہدے کے لیے جسٹس (ر) ناصر الملک کے نام پر اتفاق ہوا تھا جس کا اعلان اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔

۔ناصر الملک پاکستان کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں۔وہ پاکستان کے 22 ویں چیف جسٹس تھے۔ ناصر المک 17اگست 1950کو پیدا ہوائے۔ان کا تعلق سوات کے سیاسی گھرانے سے ہے پرائمری اور مڈل کی تعلیم آبائی علاقے میں حاصل کی اور پشاور یونیورسٹی سے ایل ایل بی کرنے کے بعد اعلٰی تعلیم کے لیے لندن چلے گئے۔ جہاں جسٹس ناصرالملک نے بیرسٹر ایٹ لا کی ڈگری حاصل کی۔

وطن واپس آکر پشاور میں وکالت کا باقاعدہ آغاز 1977 میں کیا اور سترہ سال تک بطور وکیل عدالتوں میں پیش ہوتے رہے۔ 1993 میں صوبہ خیبر پختونخوا کے ایڈوکیٹ جنرل بنے۔ 1994 میں پشاور ہائی کورٹ کے جج کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ دس سال بعد 31 جولائی 2004 میں پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بنے۔ ایک سال چیف جسٹس ہائی کورٹ رہنے کے بعد 2005 میں سپریم کورٹ کے جج بنے اور دس سال تک عدالت عظمی کے جج رہنے کے بعد جولائی 2014 میں چیف جسٹس پاکستان بنے۔۔چیف جسٹس ناصرالملک نے اپنے کیرئیر میں کئی اھم فیصلے کئے۔