اگلا ہفتہ شریف خاندان پر بھاری ثابت ہو گا

اگلے ہفتے شریف خاندان کے خلاف مقدمات کی سماعت مکمل ہو جائے گی،شہادتوں اور دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان لوگوں کو سزا ملنے کا امکان قریبا یقینی ہے،نواز شریف،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو کسی ریسٹ ہاؤس نہیں بلکہ اڈیالہ جیل میں رکھا جائے گا،حسن اور حسین نواز کو انٹر پول کےذریعے سے واپس لا کر جیل میں ڈالا جائے گا،قومی اخبار کی رپورٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 1 جون 2018 13:04

اگلا ہفتہ شریف خاندان پر بھاری ثابت ہو گا
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2018ء) : قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق باوثوق ذرائع نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف،ان کی صاحبزادی مریم نواز، نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز اور حسن نواز،داماد کیپٹن (ر) صفدرجبکہ سمدھی اسحاق ڈار کے مقدمات جس رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں۔اس سے پتہ چلتا ہے کہ ان کی سماعت ایک ہفتے میں مکمل ہو جائے گی۔

قانونی حلقے اس رائے کا اظہار کر رہے ہیں کہ شہادتوں اور دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان لوگوں کو سزا ملنے کا امکان قریبا یقینی ہے۔دارالحکومت کے باخبر حلقے یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ سزا ملنے کی صورت میں نواز شریف،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو کسی ریسٹ ہاؤس نہیں بلکہ اڈیالہ جیل میں رکھا جائے گا۔حسن اور حسین نواز اور اسحاق ڈار اس وقت پاکستان میں موجود نہیں ہیں اس لیے  ان کی عدم موجودگی میں بھی سزا ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ایسی صورت میں انہیں انٹر پول کےذریعے سے واپس لا کر جیل میں ڈالا جائے گا۔یہ بھی پتہ چلا ہے کہ وفاق میں نگراں حکومت کے قیام کے بعد 25 بیورو کریٹس اور دو سابق وفاقی وزرا کی گرفتاری متوقع ہے۔ان کے بارے میں بھی کیس کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔اور اگلے چند روز میں ان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔متعدد سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی نا اہلی کا بھی فیصلہ ہو چکا ہے۔

جب کہ الیکشن کمیشن کے موجودہ اعلانات کے بر عکس انتخابات تین سے چھ ماہ تک ملتوی ہو سکتے ہیں۔جن ارکان اسمبلی کے خلاف سنگین نوعیت کے الزامات عائد ہیں انہیں ان اہل قرار دیا جائے،اور یہ خاصی بڑی تعداد میں ہیں۔یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اقامہ ظاہر نہ کرنے پر نا اہل قرار دیا گیا تھا۔جس کے بعد نواز شریف کو وزارت عظمی سے بھی ہاتھ دھونا پڑا تھا،نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کو اس وقت بھی نیب میں مقدمات کا سامنا ہے۔

نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز ا س حوالے سے احتساب عدالت میں 70 سے زائد پییشیاں بگھت چکے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شریف خاندان کے خلاف مقدمات کا فیصلہ جلد ہی آ جا ئے گا،اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان مقدمات میں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کو سزا ہو جائے گی جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل رکھا جائے گا۔