عام انتخابات میں کامیابی کے لیے سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں کا آغاز

آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کی جیت کے لیے پیروں فقیروں کے پاس جائیں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 1 جون 2018 13:12

عام انتخابات میں کامیابی کے لیے سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں کا آغاز
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2018ء) : عام انتخابات کا وقت قریب آتے ہی سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں الیکشن میں کامیابی کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہی ہیں ۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم میں خانقاہوں ، درباروں ، پیروں اور فقیروں کے پاس جائیں گے اور الیکشن میں جیت کے لیئے دعائیں مانگنے کے ساتھ ساتھ روحانی شخصیات اور گدی نشینوں کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل کریں گے۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری صوفی ازم کو ملک بھر میں وعام کرنے کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کر چکے ہیں، جبکہ متعدد مرتبہ لاہور میں داتا دربار، کراچی میں عبد اللہ شاہ غازی، سیہون شرفی میں لعل شہباز قلندر، قصور میں بابا بلھے شاہ اور اسلام آباد میں امام بری پر حاضری بھی دے چکے ہیں، قبل ازیں ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو بھی پیروں، فقیروں کی خانگاہوں پر اکیلے جا کر حاضری دیتے رہے ہیں اور ملک کی خوشحالی کے لیے دعا اور پیپلز پارٹی کی حکومت کے استحکام کے لیے ہاتھ اُٹھاتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بے نظیر بھٹو کا پیر دھنکنا کے ہجرے میں جا کر ان سے چھڑیاں کھانے کا واقعہ پاکستان کا ہر شخص جانتا ہے، اسی طرح گذشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے لاہور سے اُمیدواران حافظ غلام محی الدین، نوید چوہدری، سہیل ملک، عدیل محی الدین اور میاں ایوب لاہور کی دو خانقاہوں پیر اسرار الحق ڈیفنس لاہور اور پیر اختر رسول آستانہ عالیہ سلطان باہو والٹن لاہور پر حاضر ہوئے اور خصوصی طور پر پیپلز پارٹی کی الیکشن 2018ء میں کامیابی ، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی میدان میں فتح کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ اسی دوران پیپلز پارٹہی لاہور کے رہنماؤں کے اعزاز میں پیر اسرار الحق نے افطار ڈنر بھی دیا جس میں پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے بھی شرکت کی۔