ڈی ایف سی کے بٹگرام اور تھاکوٹ میں چھاپے، ناقص اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف مقدمات درج

جمعہ جون 14:54

بٹگرام۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون2018ء) ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید وزیر شاہ نے سٹاف کے ہمراہ بٹگرام، الائی، تھاکوٹ اور کوزہ بانڈہ بازار پر چھاپوں کے دوران مہنگے داموں اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والے 34 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں، ان سے ہزاروں روپے جرمانہ وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرا دیئے گئے۔ اس موقع پر 20 دکانداروں کے خلاف متعلقہ تھانہ جات میں مقدمات بھی درج کرا لئے گئے ہیں جبکہ 20 عدد اشیاء کے نمونے حاصل کر کے ٹیسٹ کیلئے پشاور لیبارٹری کو ارسال کر دیئے گئے ہیں جن کے نتائج آنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

ڈی ایف سی سید وزیر شاہ نے چھاپوں کے دوران بڑی مقدار میں مختلف غیر معیاری اشیاء جس میں دودھ، مصالحہ جات، چائے، گھی، پاپڑ، بسکٹ، ٹافی اور چورن وغیرہ شامل ہیں، ضبط کر لئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایف سی سید وزیر شاہ نے کہا کہ رمضان المبارک کیلئے محکمہ خوراک نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو معمول کے مطابق بازاروں پر چھاپے لگا رہی ہے، رمضان المبارک میں گراں فروشوں اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، اب بٹگرام شہر میں گراں فروشوں اور ناجائز منافع خوروں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی شہر میں غیر معیاری اشیاء اور گراں فروشی کا سدباب ممکن ہے، اگر عوام اس معاملہ میں محکمہ خوراک سے تعاون کریں اور محکمہ ہذا کو اپنی شکایات درج کرائیں تو انشاء الله ہم اس پر سختی سے ایکشن لیں گے اور غفلت کے مرتکب دکانداروں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائیں گے۔