آئندہ عام انتخابات کے لئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا سلسلہ کل شروع ہوگا جو 6 جون تک جاری رہے گا،

امیدواروں کے ناموں کی اشاعت 7 جون ، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14 جون تک ، پولنگ 25 جولائی کو ہوگی

جمعہ 1 جون 2018 15:23

آئندہ عام انتخابات کے لئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے ..
اسلام آباد ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) آئندہ عام انتخابات کے لئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا سلسلہ کل ہفتہ سے شروع ہوگا جو 6 جون تک جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق آئندہ عام انتخابات کے لئے پولنگ 25 جولائی کو ہوگی۔ جمعہ کو ریٹرننگ افسران کی جانب سے پبلک نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 2 جون سے 6 جون تک ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کرائے جا سکیں گے۔ امیدواروں کے ناموں کی اشاعت 7 جون کو ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14 جون تک ہوگی۔ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 19 جون تک جمع کرائی جا سکیں گی جبکہ ان پر فیصلے 26 جون تک ہوں گے۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 27 جون کو جاری کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی 28 جون کو واپس لئے جا سکیں گے اور امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی جبکہ انتخابی نشانات 29 جون کو الاٹ کئے جائیں گے۔