فلسطین،اسرائیل کو خونریز تصادم کو فوری ختم کرنا چاہیے،چینی خصوصی ایلچی

جمعہ 1 جون 2018 16:00

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) چین کے مشرقِ وسطی کے امور کے خصوصی ایلچی گونگ شیائو شینگ نے کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کو خونریز تصادم کو فوری طور پر ختم کرنا چاہیے،فلسطین اسرائیل مسائل کے حل کا واحد راستہ مذکرات اور بات چیت ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز گونگ شیائو شینگ نے مصر کے دورے کے دوران قاہرہ میں منعقدہ ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ ان کے موجودہ دورہ فلسطین،اسرائیل اور مصر کا مقصد فلسطین اور اسرائیل کے درمیان موجود کشیدہ صورتحال اور مشرق وسطی کے دیگر اہم مسائل پر متعلقہ فریقوں کیساتھ تبادلہ خیال کرنا ہے،فلسطین،اسرائیل اور مصر نے مشرق وسطی میں قیام امن کے عمل میں چین کی نئی کوششوں کو سراہا ہے۔

چینی ایلچی نے کہا کہ چین فلسطین کی کشیدہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔چین اس موقف پر قائم ہے کہ عالمی برادری دو ریاستی فارمولے پر قائم رہتے ہوئے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور عرب امن تجاویز کے مطابق فلسطین کے مسئلے کے سیاسی حل کیلئے تعمیری کردار ادا کرے۔