آئی سی سی ورلڈ الیون نے آفریدی الیون کو 72رنز سے ہرا دیا

میچ ارما اور ماریہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے لارڈز میں کھیلا گیا تھا ، میچ سے قبل ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں نے پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا

جمعہ 1 جون 2018 16:26

لارڈز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک ٹی ٹوئنٹی میچ منعقد ہوا جس میں دفاعی چیمپئن 72 رنز سے کامیاب رہے۔ارما اور ماریہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے لارڈز کے تاریخی میدان پر منعقد ہونے والے میچ میں ورلڈ الیون کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

ویسٹ انڈیز کے اوپنرز ایون لوئس اور کرس گیل نے اپنی ٹیم کا انتہائی جارحانہ آغاز فراہم کیا۔دونوں کے درمیان 75 رنز کی برق رفتار شراکت قائم ہوئی۔ لوئس 26 گیندوں پر 58 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔دوسرے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین کرس گیل تھے جو شعیب ملک کی گیند پر 18 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

(جاری ہے)

دو وکٹیں گرنے کے باوجود دیگر ویسٹ انڈیز بلے بازوں نے تیز رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

مارلن سیموئلز 43، دنیش رامدین 22 اور آندرے رسل 21 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ اس طرح دفاعی چیمپئنز نے ورلڈ الیون کو 200 رنز کا ہدف دے دیا۔ورلڈ الیون کی جانب سے راشد خان نے دو جبکہ شعیب ملک اور شاہد ا آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں ورلڈ الیون کا آغاز تباہ کن رہا اور محض 8 رنز پر اسکی چار وکٹیں گرگئیں۔تمیم اقبال 2، لیوک رانچی صفر، سیم بلنگز 4 اور دنیش کارتھک صرف پر آئوٹ ہوگئے۔

ورلڈ الیون کی پانچویں وکٹ شعیب ملک کی صورت میں گری جنہوں نے 12 رنز بنائے جبکہ کپتان شاہد آفریدی 11 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ورلڈ الیون کی جانب سے تھیسارا پریرا نے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی 37 گیندوں پر 61 رنز بناکر کیسرک ولیمز کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔ آگے آنے والے بلے باز بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے اور پوری ٹیم 127 پر آل آئوٹ ہوگئی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے ولیمز نے تین، بدری اور رسل نے دو، دو جبکہ پال اور براتھویٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔میچ سے قبل ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں نے پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔