ایشین گیمز ، پاکستان سپورٹس بورڈ نے 6جون کو ہونیوالے اہم اجلاس کیلئے سپورٹس فیڈریشنز کو دعوت نامہ ارسال کر دیئے

قومی دستہ ایشین گیمز کی 27کھیلوں میں حصہ لے گا، تیاریوں کے حوالے سے تربیتی کیمپس نہ لگانے کے الزامات بے بنیاد ہے، اعظم ڈار

جمعہ 1 جون 2018 16:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) ایشین گیمز کی تیاریوں اور اہداف کے حصول کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ نے 6جون کو ہونیوالے اہم اجلاس میں شرکت کیلئے سپورٹس فیڈریشنز کو دعوت نامہ ارسال کر دیئے ۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل اعظم ڈار کے مطابق اجلاس میں ایشین گیمز میں میڈلز کے حصول ،کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سپورٹس فیڈریشنز کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی جبکہ ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے لگائے جانیوالے تربیتی ٹریننگ کیمپس کے اتھلیٹس کے ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن سمیت اتھلیٹکس ، بیڈمنٹن ، بیس بال ، باکسنگ، سائیکلنگ، ایکسٹیرین ، گالف، ہینڈ بال ، جوڈو، جوجسٹجو، کراٹے ، کبڈی ، روئنگ، رگبی ، سیلنگ، شوٹنگ، اسکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکونڈو، ٹینس، والی بال ، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ، ووشو فیڈریشنز کے عہددارا ن کو مدعو کیا گیا ہے جبکہ آرچری، باسکٹ بال اور جمناسٹک فیڈریشنز کا الحاق پی ایس بی کیساتھ نہ ہونے کے باعث ان فیڈریشنز کو مدعو نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اعظم ڈار نے بتایا کہ پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن نے 8اگست سے انڈونیشیا میں منعقد ہونیوالی ایشین گیمز میں 27کھیلوں میں شرکت کرنیکا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے پی او اے کی جانب سے گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے تربیتی کیمپس نہ لگائے جانے کے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہاکہ یکم جولائی 2017سے پاکستان سپورٹس بورڈ نے تائیکوانڈو، اتھلیٹکس، سائیکلنگ، ویٹ لفٹنگ، بیس بال ، کبڈی ، بیڈمنٹن ، باکسنگ، والی بال ، آرچری کی کھیلوں کے تربیتی کیمپس پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں لگائے گئے ہیں جبکہ دیگر صوبوں میں بھی مختلف کھیلوں کے تربیتی کیمپس لگائے ۔