سی پیک منصوبہ کے باعث پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ملک ہے ،عارف قاسم

جمعہ 1 جون 2018 16:49

سی پیک منصوبہ کے باعث پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ملک ..
لاہور۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) تاجر رہنما و سابق صدر بورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور عارف قاسم نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ سے ملک میں سرمایہ کاری 100ارب ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے ملک بھر میں نئی انڈسٹریز کا قیام اور صنعتی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عارف قاسم نے ملک میں سی پیک کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی پیکیج کے تحت ڈیوٹی و ٹیکسوں میں خصوصی رعایت سمیت دیگر مراعات دینے کے اصولی فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی پیکیج سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ، انہوںنے کہا کہ سی پیک صنعتی زونز میں صنعتوں کے قیام کیلئے پاکستانی، چینی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں خصوصی مراعات کی فراہمی اور نئی صنعتوں کے قیام کیلئے خام مال اور پلانٹس و مشینری و دیگر آلات پر سرمایہ کاروں کو ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ اور رعایتی قرضوں سمیت خصوصی مراعات ایسے اقدامات ہیں جن سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملکی سرمایہ کار بھی فائدہ اٹھائیں گے اور ملکی صنعتیں بھی ترقی کرینگی۔