پاسڈیک اور نجی کمپنی زیورمائننگ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط خوش آئند ہے ، خادم حسین

جمعہ 1 جون 2018 16:49

لاہور۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) ممتاز تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے پاسڈیک اور نجی کمپنی زیورمائننگ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ماربل اور گرینائیٹ کے بڑے ذخائر موجود ہیں جن کو استعمال میں لاکر ملکی معیشت مستحکم اور ملک ترقی کریگا، پاکستان اسٹون ڈویلپمنٹ کمپنی پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ ملکر ملک بھر میں ماربل اورگرینائیٹ سیکٹر کی ترقی کیلئے کوشاں ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خادم حسین نے کہا کہ پاکستان میں ماربل اور گرینائیٹ کے وسیع ترذخائر کو استعمال کرکے ملکی برآمدات میں اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا جس سے تجارتی خسارہ میں کمی اور ملک کی معاشی حالات میں بہتری آئیگی ، پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ ایسے تعاون اور پارٹنر شپ سے ماربل اور گرینائیٹ سیکٹر کی ترقی کیلئے بہترین طریقہ کار کو روشناس کرایا جائیگا، ماربل اور گرینائیٹ میں پرائیویٹ سیکٹر کی سرمایہ کاری سے ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی دستیاب ہونگے۔