فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے کیلئے مراکش کا وفد آج پی ایف ایف کے صدر سے ملاقات کرے گا

جمعہ جون 16:51

لاہور۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون2018ء) فٹ بال ورلڈکپ 2026کی میزبانی کے امیدوار مراکش کا وفد ووٹ کے لئے آج2جون کو صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات سے ملاقات کرے گا۔مہمان وفد کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ 2026کے میزبان کا فیصلہ آئندہ ماہ شروع ہونے والے میگا ایونٹ سے ایک روز قبل 13جون کو فیفا کانگریس میں ہوگا۔

کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ مشترکہ طور پر ایونٹ کا انعقاد کروانے کیلئے امیدوار ہیں،دوسری جانب مراکش نے بھی اپنی مہم بڑے زوروشور سے شروع کررکھی ہے،ورلڈکپ 2026میں پہلی بار 48ٹیمیں شرکت کرینگی، ملکوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے میزبانی کیلئے بڑے پیمانے پر پلاننگ کی ضرورت ہوگی،مراکو فٹبال کے حکام بڑی سنجیدگی کیساتھ دنیائے فٹبال کو اس بات کیلئے قائل کرنے کی مہم پر نکلے ہیں کہ وہ ورلڈکپ کی میزبانی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی وفد صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات سے ملاقات کیلئے آج 2جون کو پاکستان آرہاہے، مہمان آفیشلز مراکش کو میگاایونٹ کی میزبانی کا اہل ثابت کرنے کیلئے بریفنگ دینگے،وفد میں ممبر سپورٹ کمیٹی عبدالرحیم کادمیری،مراکو2026مہم کے سفیر ہشام الگیروج اور سی ای او ہشام العمرانی شامل ہیں۔