بھارت اور پاکستان پرخطے میں پائیدار امن و سلامتی کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیرکے حل پر زور

جمعہ 1 جون 2018 16:51

سرینگر ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بھارت اور پاکستان پر زوردیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی کے قیام کیلئے دیرینہ تنازعہ کشمیر کو خوش اسلوبی سے حل کریں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا سید حسن نے بڈگام میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے 2003کے جنگ بندی معاہدے پر مکمل طورپرعمل درآمد کرنے کے پاکستان اور بھارت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ۔

انہوںنے کہاکہ اس اقدام سے کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری کے دونوں اطرف مقیم لوگوں کو سکھ کا سانس ملے گا۔ ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنماء اور جموںوکشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے ایک بیان میں کہاہے کہ اگربھارتی حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے بارے میں مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے تو اسے فوری طورپر جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس دیرینہ تنازعے کے حل کیلئے پاکستان اور کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں اور انہوںنے اپنی جدوجہد آزادی کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کا عزم کررکھا ہے ۔