کارانداز کی صحت اور زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری سے روزگار کے 900مواقع پیدا ہونے کا امکان

جمعہ 1 جون 2018 16:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) برطانوی مالی تعاون سے خدمات انجام دینے والا ادارہ کارانداز ایک صف اول کے ہیلتھ ڈائگناسٹک سروس کمپنی کو اپنی خدمات کا دائر ہ تین گنا بڑھانے اور صوبہ پنجاب میں زرعی اجناس کے لیے ایک منفرد یئر ہاؤس قائم کرنے میں مدد دے گا۔ ان دو منصوبوں میں سرمایہ کاری سے پاکستان میں 900نئے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

اس بات کا اعلان آج اسلام آباد میں دو نئے ایکویٹی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں کیا گیا۔ پہلا معاہدہ ایکسل لیبز (Excel Labs)کے ساتھ کیا گیا جس کے تحت ایکسل لیبز کو اپنے نیٹ ورک کو تین گنا وسعت دینے اور لاکھوں پاکستانیوں کو بیماریوں کی عالمی معیار کی حامل آسان تشخیصی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

دوسرامعاہدہ زرعی شعبے میں قدم رکھنے والی ایک جدید کمپنی سے کیا گیا۔

اس سرمایہ کاری کے ذریعے صوبہ پنجاب میں پہلا اور جدید ترین کنٹرولڈ فضا کا حامل وئیر ہاؤس(Controlled Atmoshphere Warehouse) قائم کیا جائے گا جس سے کاشتکار بہترآف سیزن قیمتیں حاصل کرنے اور ایگریکلچر ویلیو چین میں بعد از کٹائی فصلوں کے نقصات کو کم کرسکیں گے۔کارانداز کی حالیہ ایکویٹی سرمایہ کاری سے شاندار ترقی کے مواقع کے حامل دونوں کاروباری ادارے اپنی خدمات کا دائرہ کار بڑھا کر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے علاوہ صحت اور زراعت کے شعبوں میں معاشی سرگرمی کو فروغ دے سکیں گے۔

اس سرمایہ کار ی سے روزگار کے تقریباً نو سو نئے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے جن میں سے دو سو خواتین کے لیے جبکہ آدھے سے زائد نوجوانوں کے لیے مختص ہونگے۔ اس کے علاوہ اس سرمایہ کاری سے اعلیٰ استعداد کے حامل دونوں شعبوں میں ترقی کو فروغ ملے گا اور اعلیٰ سطح پر مزید فوائد حاصل ہونگے۔کارانداز پاکستان کے چیف انوسٹمنٹ آفیسرنوید گورایا نے اس متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ’’ایکسل لیبز میں سرمایہ کاری سے اُسے اپنی استعداد میں اضافہ کرنے کا موقع ملے گا جس سے ادارہ ملک بھر میں کئی لاکھ اضافی تشخیصی ٹیسٹ کرنے کے قابل ہو سکے گا۔

ڈائیگناسٹک لیبز پنجاب ، خیبر پختونخواہ اور آزاد جموں وکشمیر میں نئی لیب کولیکشن پوائٹس کی تعمیر کے ذریعے اپنی جغرافیائی رسائی بڑھا سکے گا۔ اسی طرح کنٹرولڈ ایٹماسفیئر وئیر ہاؤس میں ہماری سرمایہ کاری سے زرعی شعبے میں رہنما کردار کے حامل اور جدیدادارے کو استحکام حاصل ہوگا۔ اس جدید ترین سہولت کی استعداد میں اضافے سے کاشتکاروں کو اپنی زرعی اجناس کو زیادہ عرصے تک محفوظ رکھنے اور ان کے ضیاع کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

‘‘ان سرمایہ کاریوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کارانداز پاکستان کے سی ای او علی سرفراز کا کہنا تھا: ’’کارانداز کی سرمایہ کاری کا بنیادی مقصد ایسے کاروباری منصوبوں کی ترقی میں سرمایہ لگانا ہے جو ترقی اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کی استعداد رکھتے ہیں اور کارانداز پاکستان کے لیے رسک ایڈ جسٹڈ فنانشل ریٹرنز بھی فراہم کرنے کے اہل ہیں۔

ہم بنیادی طور پر قابل ِ تقلید منصوبوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں اور ایس ایم ای فنانسنگ کے لیے موزوں مارکیٹ کی تشکیل میں تعاون فراہم کررہے ہیں۔‘‘اس متعلق اظہار ِ خیال کرتے ہوئے ڈی ایف آئی ڈی پاکستان کی سربراہ جوانا رِیڈ کا کہنا تھا: ’’مردم شماری کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی معیشت کی ترقی میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری منصوبوں کو اس میں کلیدی کردار ادا کرنا پڑے گا۔

ڈی ایف آئی ڈی نے ایس ایم ایز کے لیے مالیاتی مارکیٹ کی کمی کو پور ا کرنے کے لیے کارانداز قائم کیا تاکہ یہ ثابت کیا جاسکے کہ پاکستانی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کے جہاں کاروباری فوائد ہیں وہیں پر ترقیاتی فوائد بھی ہیں۔ آج کی اس سرمایہ کاری سے نو سو ملازمتیں پیدا ہونگی اور اہم خدمات کے فروغ میں مدد ملے گی جیسا کہ ایکسل لیبز کی رسائی میں تین گنا اضافہ ہوگا۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم معیشت کی ترقی میں پاکستانی لوگوں کی مدد کررہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ کارانداز کی کامیابی سے دوسروں کو بھی پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے والے کاروباری منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب ملے گی۔‘‘