رمضان المبارک میں بھی کئی کئی گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن چکا ہے‘میاں مقصود احمد

حکومت نے اپنی مدت توپوری کرلی مگرعوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں ہوئی‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعہ 1 جون 2018 16:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ لوڈشیڈنگ میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی کئی کئی گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن چکا ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کابراحال ہے جبکہ لاہور سمیت صوبے بھر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کے باعث عوام سراپا احتجاج ہیں۔

رہی سہی کسر واپڈا حکام کی جانب سے اووربلنگ نے پوری کردی ہے۔بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر نئے ڈیم بنانے کی اشد ضرورت ہے۔جب تک چھوٹے بڑے ڈیم بنانے کی طرف توجہ نہیں دی جائے گی اُس وقت تک لوڈشیڈنگ کے بحران سے نمٹانہیں جاسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز افطار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن اپنا پانچ سالہ دور اقتدار پورا کرچکی ہے مگر انتخابی منشور عمل درآمد ہوا اور نہ ہی عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل ہوئی۔

لوڈشیڈنگ،مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت،رشوت خوری،میرٹ کے برعکس تعیناتیاں اور دہشت گردی جیسے سنگین مسائل جوں کے توں موجودہیں۔شعبہ ہائے زندگی کے کسی بھی سیکٹر میں بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔حکمرانوں نے سڑکوں کی توڑپھوڑ کانام ترقی رکھ دیاہے۔میاں مقصود احمد نے کہاکہ صوبے کی10کروڑ عوام بے یارومددگار ہیں ان کاکوئی پرسان حال نہیں۔نوجوان اور پڑھے لکھے افراد جرائم کی دلدل میں دھنستے چلے جارہے ہیں۔اقرباپروری کے باعث ادارے تباہ حال ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سابق حکمرانوں کی ناقص پالیسوں کی بدولت مہنگائی کاعذاب عوام پر مسلط ہے۔رمضان میں بھی عوام ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں ہے۔