یتیم ، مسکین ، بے سہارا بچوں اور مستحق خاندانوں کی فلاح و بہود کیلئے کام کرنا عین عبادت ہے‘ذکر اللہ مجاہد

رمضان المبارک ہمیں تمام سماجی برائیوں سے نکال کر پاکیزگی و طہارت اور نیکی کا درس دیتا ہے‘امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعہ 1 جون 2018 16:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی و صدرمتحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ یتیم ، مسکین ، بے سہارا اور مستحق خاندانوں کی فلاح و بہود کیلئے کام کرنا عین عبادت ہے جبکہ یتیمو ں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنے کیلئے کوئی دن مخصوص نہیں۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے جماعت اسلامی شعبہ تحریک محنت لاہور کے زیر اہتمام 25 خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس مو قع پر مرکزی نائب صدر تحریک محنت یحیٰ برکی ،صدر تحریک محنت صوبہ پنجاب معراج الدین طاہر ، سیکرٹری اللہ یار ، محمد شفیق ، جاوید اقبال ، مطیع الرحمن ، عامر صدیقی ، کلیم اللہ شاہ ، سمیع اللہ و دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ایسامذہب ہے جس نے انسانوں کو تاریکی ،بے راہ روی ،اندھیرے، ظلم و ستم ، جہالت جیسی ہر سماجی برائیوں سے نکال کر روشنی ، پاکیزگی ، طہارت ، نظافت ، اعتدال ، شائستگی ، پاک دامنی ، تقویٰ ، پرہیز گاری ، ایمانداری ، دیانتداری اور غربیوں ، ضرورت مندوں کی حاجات کا احترام بیوائوں اور یتیم بچوں کے ساتھ حسن سلوک کا درس دتیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ رمضان المبارک جیسا بابرکت مہینہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنے گناہوں کی بخشش کیلئے عنائیت فرمایا ہے ہمیں اس کی قدر کرتے ہوئے اپنے اللہ سے اپنے تعلقات مضبوط کرنے ہوں گے ، نیک اعمال کے ساتھ مستحقین کی مدد اچھائی کی دعوت اور برائی سے کنارا کشی ہی مسلمان کی پہچان ہے ۔