نیکی ،بھلائی ،جنت کی تلاش ،دوزخ سے نجات کے مبارک مہینے میں مخیر حضرات غرباء ومساکین کی مددکریں ، ہدایت الرحمن بلوچ

جمعہ 1 جون 2018 16:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ نیکی بھلائی ،جنت کی تلاش ،دوزخ سے نجات کے مبارک مہینے میں مخیر حضرات غرباء ومساکین کی مددکریں رمضان المبارک میں ہرگھرکے اخراجات زیادہ ہوتے ہیں اس لیے اس مبارک مہینے میں صرف گھر کے دسترخوانوں کو سجانے کے بجائے غرباء ومساکین کو بھی یاد رکھیں عید قریب ہے اس لیے عید کی خوشیاں میں غرباء ومساکین کو شامل کرنے کیلئے کپڑوں جوتے ودیگر ضروریات کی خریداری میں مخیر حضرات غرباء ومساکین کی مدد یقینی بنائیں ۔

انہوں نے کہاکہ ٹارگٹ کلنگ وبدامنی لمحہ فکریہ اور اللہ کے قہر وغضب کو دعوت دینا ہے ۔عوام الناس الیکشن میں صالح دین دار نیک نام لوگوں کا ساتھ دیں بدقسمتی سے صاف شفاف انتخابات نہ ہونے ،انتخابات میں مداخلت ،انتخابات کو رقم ودیگر غیر قانونی راستے سے جیتنے کی وجہ سے عوام کو دیانت دار صالح ایماندار قیادت نہ مل سکی قوم کو با بار دھوکہ دینے والوں کو عوام پہچان لیں ۔

(جاری ہے)

شفاف انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہے بدعنوانی ،بدامنی سمیت صالح قیادت منتخب نہ ہونے کی وجہ سے عوام کے مسائل بڑھ گیے ہیں ۔ہماری سیاست کا مقصد نفاذ اسلام اور عوامی مسائل کا فی الفور حل ہے۔ خیراور شر کے معرکے میں غیر جانبداری اور ظلم و جبرکے خلاف نہ اٹھنا ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے ۔ملک میں غٖلط نظام کی وجہ سے ظالم اور مظلوم کا مقابلہ ہے ،ظالم ٹولے نے تمام بڑی پارٹیوں میں پناہ لے رکھی ہے ۔

ظالم متحد اور مظلوم منتشر ہیں ہم ایسی حکومت چاہتے ہیں جس میں قومی خزانے کو امانت سمجھا جائے اور اسے چند خاندانوں کی بجائے قوم پر خرچ کیا جائے خاندانی بادشاہت کو روکنا اور عوام کی حکمرانی قائم کرناضروری ہے ہم ملک سے خاندانی بادشاہتوں کا خاتمہ کرکے شریعت کے تابع جمہوریت کا نظام قائم کرناچاہتے ہیں تاکہ عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات مہیا کی جاسکیں ۔