یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت قلبی سکون کا ذریعہ `یتیموں کے سر پر دست ِشفقت رکھ کر ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں

پاکستان میں سعودی عرب کے نائب سفیرحبیب اللہ بخاری کا ’’عالمی یوم یتامیٰ ‘‘ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعہ 1 جون 2018 17:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت قلبی سکون کا ذریعہ ہے ،یتیموں کے سر پر دست ِشفقت رکھ کر ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان میں سعودی عرب کے نائب سفیرحبیب اللہ بخاری نے سعودی عرب کی ذیلی تنظیم رابطہ عالم اسلامی اور انٹر نیشنل آرگنائزیشن فار ریلیف،ویلفیئر اینڈ ڈیویلپمنٹ کے زیر اہتمام ’’عالمی یوم یتامیٰ ‘‘ کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے آئی آئی آر او کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدو محمد عتین،ڈپٹی ڈائریکٹرسعد مسعود الحارثی ،ڈاکٹر جمال ناصر ،زمرد خان ، مولانا طاہر اشرفی ، ڈاکٹر امجد پوپی و دیگرنے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں ریکٹر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ، شرجیل میر ،محمد جاوید بٹ ،قاری یوسف سمیت متعدد یتیم و بے سہا را بچوں اور بچیوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے دنیا بھر میں یتیم و بے سہارا بچوں اور بچیوں کی کفالت کی ذمہ داریاں نبھانا لائق ستائش اور مسلم امہ کیلئے باعث تقلید ہے،خدمت انسانیہ خصوصاً یتیموں کی پرورش صدقہ جاریہ ہے ،اس عمل سے ہم اللہ کی خوشنودی حاصل کر سکتے ہیں ، ڈاکٹر عبدو محمد عتین نے کہا کہ مظلوم و بے سہارا افراد کی خدمت ہمارا اولین مشن ہے ،ہم پاکستان سمیت آزادکشمیر میں بھی اپنے مقاصد کو مسلسل وسعت دے رہے ہیں ۔

اس وقت ہماری تنظیم کی زیر نگرانی غریب ،یتیم اور بے سہارا بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور ان کی تمام تر کفالت کی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے دار علی بن ابی طالب ،دار حرا ء اور دارالبرائم نام سے تن ادارے کام کر رہے ہیں جہاں یتیم و بے سہارا بچوں کو ممکنہ سہولیات مہیا ء کی جا رہی ہیں۔مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ یتیم و بے سہارا کی خدمت کرنے والے شخص کی زندگی کو اللہ تعالیٰ اپنی رحمتوں اور برکتوں سے نوازتا ہے ۔

سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان نے کہا کہ اب میری زندگی کا مقصدصرف اور صرف یتیموں کی کفالت بن چکا ہے ،اور میں تسلسل کے ساتھ اپنے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہوں ۔سعد مسعود الحارثی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی اور آئی آئی آر او پاکستا ن کے عوام کی ہر ممکن امداد کا فریضہ ادا کر رہی ہے ،یتیموں کی سرپرستی حقوق العباد کا حصہ ہے ، سعودی حکومت تسلسل کے ساتھ مسلم امہ کی خدمت کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہے ۔ہمیں چاہئے کہ ہم یتیم و بے سہارا افراد کی امداد کو یقینی بنائیں ۔