الخدمت فائونڈیشن آزادکشمیر کے غریب عوام کی امیدوں کی واحد کرن ہے

،آزادکشمیر کے اندر الخدمت فائونڈیشن نے خدمت کا شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے ‘الخدمت فائونڈیشن آزاد جموں وکشمیرکے قائمقام صدر راجہ جہانگیر کا تقریب سے خطاب

جمعہ 1 جون 2018 17:34

دھیرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) الخدمت فائونڈیشن آزاد جموں وکشمیر کے قائمقام صدر راجہ جہانگیر خان نے کہا ہے کہ الخدمت فائونڈیشن آزادکشمیر کے غریب عوام کی امیدوں کی واحد کرن ہے ،آزادکشمیر کے اندر الخدمت فائونڈیشن نے خدمت کا شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے ،یتیم بچوں کی کفالت ہو یا پینے کا صاف پانی ،سیز فائر لائن پر زخمیوں کی امداد ہو یا صحت ہر شعبے میں الخدمت فائونڈیشن پیش پیش ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے الخدمت فائونڈیشن دھیرکوٹ کے زیر اہتمام مستحق بچوں میں 500سکول بیگ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر قاضی شاہد حمید ،الخدمت فائونڈیشن دھیرکوٹ کے صدر مہتاب اشرف سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ جہانگیر خان نے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن نے یہ عزم کیا ہے کہ وہ غریبوں،ناداروں،بے سہارا بچوں اور خواتین کی ہر قیمت پر مدد اور بحال کرے گی ،ہماری کوشش ہے کہ پورے آزادکشمیر میں یتیم بچوں کے لیے کیڈٹ کالج طرز کے ماڈل ادارے قائم کیے جائیں کچھ تو قائم ہو چکے ہیں اور باقی پر کام جاری ہے ،اسی طرح پینے کے صاف پانی ،صحت کی سہولیات سے بھی عوام کو مستفید کیا جائے گا الخدمت فائونڈیشن کے رضا کار اپنے اپنے علاقوں میں خدمات سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ سیز فائرلائن پر بھارتی فائرنگ سے متاثر ہونے والوں کی بھی فوری امداد کا اہتمام کرتے ہیں ۔