رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں مساجد میں اعتکاف کا اہتمام کیا جائے‘لیلةالقدر کو حاصل کرنے کے لیے اعتکاف سب سے موثر عمل ہے‘ایک رات کا اجر و ثواب ہزار مہینوں سے افضل ہے

آل جموں کشمیر جے یو آئی کے رہنمائوں قاضی محمود الحسن اشرف ‘پروفیسر محمد امین‘مولانا عبد المالک و دیگر کا بیان

جمعہ 1 جون 2018 17:35

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں مساجد میں اعتکاف کا اہتمام کیا جائے۔لیلةالقدر کو حاصل کرنے کے لیے اعتکاف سب سے مو ئثر عمل ہے ۔ایک رات کا اجر و ثواب ہزار مہینوں سے افضل ہے ۔ریاستی دار الحکومت میں اسلام آباد کی طرح محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیر اہتمام قومی شبینہ منعقد کیا جائے۔

رمضان المبارک میں محکمہ اوقاف اور امور دینیہ کی طرف سے معمولات رمضان میں عوام کی رہنمائی سے بے توجہی افسوسناک ہے ۔دینی مدارس کی عظیم خدمات قابل ستائش ہیں ۔ان خیالات کا اظہار آل جموں کشمیر جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا قاضی محمود الحسن اشرف ،سینئر نائب امیر پروفیسر محمد امین ،جنرل سیکرٹری مولانا عبد المالک ایڈوکیٹ ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا عبد الماجد عزیز سیکرٹری اطلاعات مفتی محمد اختر ،سیکرٹری جنرل مظفراباد ڈویژن مولانا قاری محمد ظریف عباسی ،رکن مجلس شوری وناظم عمومی سواد اعظم اہل سنت والجماعت مولانا قاضی منظور الحسن ،سرپرست راولپنڈی ،اسلام آباد مولانا قاری محمد امین ،مولانا مفتی تنویر ،مولانا مفتی محمد ارشد علامہ عطا اللہ علوی ،مولانا مفتی عبد الشکور ،مولانا مفتی نصیر الدین ،مولانا قاری محمد یونس مولانا ندیم ،مولانا غلام رسول ،مولانا طاھر حامد ،مولانا عبد المجید،مولانا محمد صادق،مولانا عبد الغفور،مولانا عبد المالک انقلابی ،مولانا فضل الرحمن ،مولانا عمر فاروق ،قائم مقام ناظم عمومی مفتی اختر ودیگر قائدین نے کیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا حکومت کو رمضان المبارک سمیت اہم مواقع پر اپنی زمہ داریاں ادا کرنے پر بھر پور توجہ دینی چاہیے۔انھوں نے کہا دینی مدارس کی بدولت ریاست کے ہر محلہ گائو ں کی مسجد میں حفاظ قرآن اور علماء دستیاب ہیں ،جو بے لوث خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔عوام رمضان المبارک میں دینی مدارس علماء اور حفاظ کی اپنے عطیات اور صدقات ،صدقةالفطر کے زریعہ سے بھر پور تعاون کریں ۔

انہوں نے کہا پاکستان 27رمضان کو وجود میں آیا جبکہ آزاد کشمیر میں جناب راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں آزاد کشمیر کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق بھی رمضان المبارک 1439ء میں ملے ۔اس لیے جمعہ الوداع کو یوم تحفظ و استحکام پاکستان و آزاد کشمیر کے طور پر منایا جائے ۔انھوں نے کہا میر واعظ کشمیر کی عظیم خدمات کو کسی صورت بھی بھلایا نہیں جا سکتا ۔انھوں نے تحریک آزادی کشمیر کے بانی اور آزاد کشمیر میں اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے جو گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ان کا تقاضا ہے کہ مظفراباد میں ان کی یاد میں سرکاری سطح پر ادارہ قائم کیا جائے ۔