پاکستان کے آمدہ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی واضح اکثریت حاصل کر ے گی‘ ابرار حقانی

جمعہ 1 جون 2018 17:37

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنما سعودی عرب ریاض ریجن کے سابق صدر ابرار حقانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے آمدہ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی واضح اکثریت حاصل کر ے گی ۔ پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے تمام عہدیداران اور کارکنان پاکستان میں انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان پارٹی کی رکنیت سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ رکنیت سازی کے بعد جوکارڈ جاری کیاجائے گا وہ پارٹی قیادت سے ڈائریکٹ رابطے کیلئے ہوگا کارکنوں کی شکایات کو بروقت سن کر ان کا ازالہ کیاجائے گا ۔ابرار حقانی نے کہا کہ آزادکشمیر میں قائم مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں تعمیر وترقی کے اعلانات اور واویلاکرنے والوں کی تعمیر وترقی زمین پر نظر نہیں آرہی ہے راولاکوٹ اور گردونواح کے علاقوں میں اس وقت بھی بارہ سے پندرہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کر کے شدید گرمی میں لوگوں کا جینا اجیرن کر دیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور پاکستان میں تبدیلی آنے کے بعد موجودہ حکومت بھی اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکے گی چونکہ اس کی اپنی کوئی حقیقت نہیں ہے یہ مسلط کر دہ ٹولہ ہے جو کسی وقت بھی خس وخاشاک کی طرح بہہ جائے گا