مظفرآباد پولیس کا بین الصوبائی کار لفٹنگ گروہ کیخلاف آپریشن ‘ گروہ کے دو اہم کارندے گرفتار

ْ 6ماہ قبل ائیرپورٹ کے نواحی گائوں منگ عمر خان سے چوری ہونے والا کیری ڈبہ خیبر ایجنسی سے برآمد

جمعہ 1 جون 2018 17:37

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) مظفرآباد پولیس کا بین الصوبائی کار لفٹنگ گروہ کیخلاف آپریشن ‘ گروہ کے دو اہم کارندے گرفتارجبکہ 6ماہ قبل ائیرپورٹ کے نواحی گائوں منگ عمر خان سے چوری ہونے والا کیری ڈبہ خیبر ایجنسی سے برآمد کرلیا گیا ۔ کیری ڈبہ خیبر ایجنسی میں 4لاکھ کا فروخت کیا ۔ پیسے نہیں لئے بلکہ اس کے بدلے چرس اور گردا لیا جو نیلم میں جاکر فروخت کیا ۔

گروہ میں دیگر دولوگ اور بھی شامل ہیں جبکہ گاڑی کے عوض لائی گئی چرس اپنے ہی رشتہ دار کو دی جس نے نیلم میں بیچ کر ہمارا حصہ ہمیں دیا۔ سٹی پولیس کی حراست میں نوید گیلانی ولد علی اکبر شاہ اور حسن ولد مرتضیٰ ساکنہ ہوتریڑی کے سنسنی خیز انکشافات ‘ اس سے قبل بھی کئی وارداتیں کرچکے ہیں گروہ میں ظہیر گیلانی ولد نذیر گیلانی ، اظہر گیلانی ولد مرتضیٰ گیلانی ساکنہ ہوتریڑی بھی شامل ہیں جو تاحال روپوش ہیں ۔

(جاری ہے)

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کررکھی ہے اور فرار ملزمان کیخلاف جگہ جگہ چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی مظفرآباد راجہ اکمل خان اور ایس پی ہیڈ کوارٹر سید ارشد حسین نقوی کی خصوصی ہدایت پر تھانہ سٹی کی تفتیشی ٹیم جس میں ایس ایچ او شجاع گیلانی ، سب انسپکٹر منظر چغتائی ، عمران یوسف ودیگر شامل ہیں نے 6ماہ قبل منگ عمر خان سے راجہ مہتاب خان کا کیری ڈبہ نمبر CN-1795چوری ہونے کے بعد مقدمہ درج کرکے کھوج شروع کی تھی ۔

مخبر کی اطلاع پر معلوم ہوا کہ گاڑی چوری میں ہوتریڑی کے کچھ جوان ملوث ہیں ۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر نوید گیلانی ولد علی اکبر شاہ کو حراست میں لیا جہاں سے بین الصوبائی کا پول کھل گیا ۔ ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ چار لوگوں نے ملکر کیری ڈبہ منگ عمر خان سے چوری کیا اور برار کوٹ کے راستے لے جاکر خیبر پختونخواہ خیبر ایجنسی میں 4لاکھ کا فروخت کیا اور رقم کے بدلے چرس اور گردا لیکر مظفرآباد آگئے جہاں پر انہوں نے مال شفقت شاہ نامی بندے کے حوالے کیا جس کے شاردہ میں گیسٹ ہائوس ہیں اس نے چرس ،گردہ بیچ کر سب میں حصہ برابر تقسیم کیا۔

پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر کیری ڈبہ خیبر ایجنسی سے برآمد کرتے ہوئے واپس مظفرآباد پہنچا دیا ہے ۔ پولیس نے شفقت شاہ سمیت چوری میں ملوث دیگر دو ملزمان کی تلاش بھی شروع کررکھی ہے جن کی گرفتاری کے بعد مزید چوریوں کے انکشافات بھی متوقع ہیں لیکن یہاں حیرت کی بات یہ ہے کہ انٹری پوائنٹس کوہالہ اور برار کوٹ میں سیکورٹی کی صورتحال انتہائی بدتر ہے ۔ اس سے قبل بھی کئی چوری ہونیوالی گاڑیاںاور مفرور اور اشتہاری ملزمان برار کوٹ اور کوہالہ کے راستے پاکستان میں داخل ہوتے رہے ہیں