الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا الیکشن پروگرام جاری کر دیا

خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کو کاغذات نامزدگی 2سے 6جون تک جمع کرانے کی ہدایت، تمام سیاسی جماعتوںکو خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں 6جون تک متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کر انے کی یاد دہانی کرا دی

جمعہ 1 جون 2018 17:37

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا الیکشن پروگرام جاری کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن پروگرام جاری کر دیا ، الیکشن کمیشن نے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں سے انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھنے والوں کو اپنے کاغذات نامزدگی 2سے 6جون تک جمع کرانے کی ہدایت کر دی ، جبکہ تمام سیاسی جماعتوںکو خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں 6جون تک متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کر انے کی یاد دہانی بھی کرا دی ۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات کے حوالے سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے و دیگر مراحل کے حوالے سے الیکشن پروگرام جاری کر دیا گیا، اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے ایسے تمام امیدواران جو خواتین یا غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں سے انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتیہیں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے کاغذات نامزدگی 2سے 6جون 2018تک متعلقہ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کروائیں، مزید برآں تمام سیاسی جماعتوں کو یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ خواتین وغیر مسلم کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں 6جون 2018تک الیکشن ایکٹ کی شق 104کے تحت متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کروائیںالیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ قومی اسمبلی کی خواتین کی 33مخصوص نشستیں برائے صوبہ پنجاب و صوبائی اسمبلی پنجاب کیلئے مختص 66خواتین اور 8غیر مسلموں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں الگ الگ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر جمع کروائیں۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کی خواتین کی 14مخصوص نشستیں برائے صوبہ سندھ و صوبائی اسمبلی کیلئے مختص 29خواتین اور 9غیر مسلموں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں الگ الگ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کے دفتر جمع کروائیں۔ قومی اسمبلی کی خواتین کی 4مخصوص نشستیں برائے صوبہ بلوچستان و صوبائی اسمبلی بلوچستان کیلئے مختص 11خواتین اور 3غیر مسلموں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں الگ الگ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کے دفتر جمع کروائیں۔

قومی اسمبلی کی خواتین کی 9مخصوص نشستیں برائے صوبہ خیبرپختونخوا و صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا کیلئے مختص 33خواتین اور 3غیر مسلموں کی نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں الگ الگ صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کے دفتر جمع کروائیں۔ قومی اسمبلی کیلئے غیر مسلموں کی 10 مخصوص نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشنز، الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد سیکرٹریٹ کے پاس جمع کروائی جائیں گی۔