خواجہ آصف کی نا اہلی ختم ہونے پرمسلم لیگ (ن) کے رہنما خوشی سے نہال

آپ کی سیالکوٹ سے اورسیالکوٹ کی آپ سے محبت کا عملی مظاہرہ کئی باردیکھ چکے ، اب الیکشن کی تیاری کیجیے،ظلم اورناانصافی کو ایک دن مٹنا ہی ہوتا ہے، عدالت نے فوری انصاف فراہم کیا، حق اورسچ کی بلاآخر فتح ہوتی ہے مسلم لیگ (ن) کے صدرمیاں شہبازشریف ، مریم نواز،سعد رفیق،احسن اقبال کا سوشل میڈیا پر ردعمل

جمعہ 1 جون 2018 17:37

خواجہ آصف کی نا اہلی ختم ہونے پرمسلم لیگ (ن) کے رہنما خوشی سے نہال
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) سابق وزیر خارجہ اور مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما خواجہ آصف کی تاحیات نا اہلی ختم ہونے کا فیصلہ آیا تومسلم لیگ (ن) کے کئی رہنماؤں نے اپنی خوشی کا اظہارسوشل میڈیا کے ذریعے کیا۔سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی تا حیات نا اہلی کا فیصلہ کالعدم قراردیا توخواجہ آصف اوردوسرے لیگی رہنماؤں نے سوشل میڈیا پرٹویٹ کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہارکیا اورعدالت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے صدرمیاں شہبازشریف نے ٹویٹ میں خواجہ آصف کو مبارکباد دی اورکہا کہ آپ کی سیالکوٹ سے اورسیالکوٹ کی آپ سے محبت کا عملی مظاہرہ کئی باردیکھ چکے ہیں، اب الیکشن کی تیاری کیجیے۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیٹی مریم نوازبھی پیچھے نہ رہیں اورانہوں نے ٹوئٹ میں مبارک باد پیش کی اورکہا کہ ظلم اورناانصافی کو ایک دن مٹنا ہی ہوتا ہے۔خواجہ سعد رفیق نے بھی پرجوش اندازمیں خوشی کا اظہارکرتے ہوئے ٹویٹ میں عدالتی بنچ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے فوری انصاف فراہم کیا۔احسن اقبال نے ٹویٹ میں کہا کہ حق اورسچ کی بلاآخر فتح ہوتی ہے۔ پی ٹی آئی جو کام ووٹ کی طاقت سے خود نہیں کرسکتی وہ چاہتی ہے کہ عدالتیں اس کے لئے کردیں، ایسا نہیں ہوسکتا۔