ملک بھرمیں قیامت خیز گرمی، کئی علاقوں میں پارہ 50 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

جمعہ 1 جون 2018 17:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) گرمی کی شدت کم ہوگئی ہے تاہم سندھ اوربلوچستان کے بیشترعلاقوں میں قیامت خیزگرمی جاری ہے اورمتعدد مقامات پردرجہ حرارت 50 ڈگری تک جاپہنچا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے لیکن سندھ اور بلوچستان میں سورج آگ برسا رہا ہے، تربت، دادو اور موئن جو داڑو میں پارہ 50 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے جب کہ شہید بے نظیر آباد اور لاڑکانہ میں درجہ حرارت 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بہاولپور میں 48، سکھر ، نور پور تھل، بھکر اور خانپور میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک جاپہنچا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 4 سی5 روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ جبکہ اندرون سندھ، جنوبی اور وسطی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں درجہ حرارت50 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز موہنجوداڑو، دادو، جیکب آباد 51، تربت، لاڑکانہ اور سکھر میں 50 جب کہ سبی، روہڑی، لسبیلہ اور رحیم یار خان میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔