چین کا فلسطین اور اسرائیل پر خونریز تصادم فوری طور پر ختم کر نے پر زور

فلسطین اسرائیل مسائل کے حل کا واحد راستہ مذکرات ہیں ، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عرب امن تجاویز کے مطابق مسئلہ فلسطین کے سیاسی حل کے لئے تعمیری کردار ادا،گونگ شیاو شینگ

جمعہ جون 17:47

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون2018ء) چین نے فلسطین اور اسرائیل کو خونریز تصادم فوری طور پر ختم کر نے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین اسرایئل مسائل کے حل کا واحد راستہ مذکرات ہیں ، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عرب امن تجاویز کے مطابق مسئلہ فلسطین کے سیاسی حل کے لئے تعمیری کردار ادا کرے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے مشرقِ وسطی کے امور کے خصوصی ایلچی گونگ شیاو شینگ نے قاہرہ میں کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کو خونریز تصادم کو فوری طور پر ختم کرنا چاہیے۔

فلسطین -اسرایئل مسائل کے حل کا واحد راستہ مذکرات اور بات چیت ہے ۔ گونگ شیاو شینگ نے مصر کے دورے کے دوران قاہرہ میں منعقدہ ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ ان کے موجودہ دورہ فلسطین ، اسرائیل اور مصر کا مقصد فلسطین اور اسرایئل کے درمیان موجود کشیدہ صورتحال اور مشرق وسطی کے دیگر اہم مسائل پر متعلقہ فریقوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

فلسطین ، اسرایئل اور مصر نے مشرق وسطی میں قیام امن کے عمل میں چین کی نئی کوششوں کو سراہا ہے ۔

گونگ شیاو شینگ نے کہا کہ چین فلسطین کی کشیدہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔ چین اس موقف پر قائم ہے کہ عالمی برادری دو ریاستی فارمولے پر قائم رہتے ہوئے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور عرب امن تجاویز کے مطابق فلسطین کے مسئلے کے سیاسی حل کے لئے تعمیری کردار ادا کرے ۔