ایکٹ 74 میں ترمیم کی منظوری تاریخی فیصلہ ہے جو روشن مستقبل کی نوید ہے‘ ایکٹ 74 میں ترمیم اور اسے بہتر بنا کر آزادکشمیر کو مالی اور اقتصادی خوداختیاری کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سابق وفاقی کابینہ کی منظوری پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں

آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،آئی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس کی بات چیت

جمعہ 1 جون 2018 18:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،آئی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ ایکٹ 74 میں ترمیم کی منظوری ایک تاریخی فیصلہ ہے جو روشن مستقبل کی نوید ہے۔ ایکٹ 74 میں ترمیم اور اسے بہتر بنا کر آزادکشمیر کو مالی اور اقتصادی خوداختیاری کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سابق وفاقی کابینہ کی منظوری پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے سابق وفاقی کابینہ سے مسودے کی منظوری پر اظہار خیال کرتے ہوے کہا کہ جس طرح قائد پاکستان محمد نواز شریف نے اس سارے عمل کے دوران اپنا اہم ترین کردار ادا کیا اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف نے ہر موقع پر آزادکشمیر کیلیے بے مثال اقدامات کیلیے اہم ترین کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

جب ہمارے ترقیاتی بجٹ کو دوگنا کرنے کا معاملہ آیا تو اس میں بھی مسلم لیگ ن کے قائد نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وفاقی کابینہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے قومی سلامتی کمیٹی کے تمام ارکان بالخصوص مسلح افواج کے سربراہان کا بھی شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے پرعّزم رویے کو سراہتے ہوے وزیر اطلاعات نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر نے کشمیری قوم کی قیادت کا حق ادا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی مستعدی،استقامت،جرات اور مسلسل کوششوں کی وجہ سے ایک اہم ترین پیشرفت ممکن ہو سکی ہے۔ پوری کشمیری قوم کو اس اہم پیشرفت پر مبارکباد دی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اقتدار سنبھالنے کے بعد جہاں بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر تیزی سے عملدرآمد کیا وہی اس نے ایکٹ 74 میں مزید بہتری لا کر ریاست کو بااختیار بنانے کیلیے کام شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس ضمن میں ایک طرف اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے عمل کو جاری رکھا جبکہ دوسری جانب تمام سٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ صاف نیت اور مسلسل کوششوں سے یہ اہم کام مکمل ہونے کو ہے۔وزیر اطلاعات نے اس ضمن میں حکومت کے موقف کی حمایت پر آزادکشمیر کی صحافتی تنظیموں ،وکلاء تنظیموں،تاجر تنظیموں اور دیگر مکتبہ فکر کا بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس حوالے سے آنے والی مثبت تبدیلیوں سے ایک طرف خطے کے عوام کو ثمرات حاصل ہونگے اور ایک ترقی یافتہ،خوشحال اور باوقار ریاست اپنے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کیلیے اہم۔اقدامات کرے گی جس سے تمام طبقے یکساں مستفید ہوں گے۔