جماعت اسلامی کی بھارتی فورسز کی طرف مکانوں کو نذر آتش کرنے کی شدیدمذمت

فورسز نے نہتے کشمیریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا ہے‘ ترجمان زاہد علی ایڈووکیٹ

جمعہ 1 جون 2018 18:08

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں جماعت اسلامی نے گنڈ بگ کاکہ پورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں متعددرہائشی مکانوں کو نذر آتش کرنے پرشدیدرد عمل ظاہر کرتے ہوئے انسانی حقوق کے جملہ اداروں سے اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان ایڈووکیٹ زاہد علی نے ایک بیان میں کہاہے کہ چند روز قبل بھی بھارتی فورسز نے شوپیاں کے علاقے سوگن میں قہر ڈھاتے ہوئے کئی مکانوں کو تباہ اور پھلوں کے باغات کو کاٹ دیاتھا۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز نے پوری وادی کشمیرمیں ظلم وتشدد کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس سے عام لوگوں کی زندگیاں اجیرن بنادی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بڑی تعداد میں نوجوانوں کو جھوٹے الزامات کے تحت بلا جواز طورپر گرفتار کر کے مختلف جیلوںاور پولیس اسٹیشنوں میں نظربند کردیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ عدالتی احکامات کے باوجود بھی ان نوجوانوں کو رہا نہیں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایسے بے شمار بے گناہ نوجوان کسمپرسی کی حالت میں نظربند ہیں اور انہیں بدترین ذہنی اور جسمانی تشدد کانشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے عدالتی احکامات کے باوجود دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی دوساتھی خواتین کی مسلسل نظربندی کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حکام عدالتی احکامات کو حقارت سے ٹھکرا کر انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ جماعت اسلامی نے وادی میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کڑی کارروائی کیلئے بھار ت پر دبائو بڑھائیں۔