Live Updates

صوبہ بھر میں 24ہزارزکوة کمیٹیاں شفافیت سے مستحق افراد میں زکوة تقسیم کررہی ہیں، بینکوں سے کٹوتی کے ذریعے زکوة کی مد میں سالانہ ساڑھے چار ارب روپے ملتے ہیں ، بائیومیٹرک سسٹم ہونے کے باعث کرپشن کا خاتمہ ہوگیا،صوبائی سیکرٹری زکوة وعشر محمد حسن اقبال

جمعہ 1 جون 2018 18:24

لاہور۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) صوبائی سیکرٹری زکوة وعشر محمد حسن اقبال نے کہاہے کہ صوبہ بھر میں 24ہزارزکوة کمیٹیاں شفافیت سے مستحق افراد میں زکوة تقسیم کررہی ہیں،پچھلے پانچ سال کے دوران زکوة کی مد میں صوبہ بھر میں 18ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی گئی ،ڈیڑھ لاکھ مستحقین میں ایک ہزارروپے فی کس کے حساب سے بائیومیٹرک سسٹم کے تحت ٹیلی نار کے ذریعے شفاف طریقے سے زکوة تقسیم کی جارہی ہے ،رمضان المبارک میں ڈیڑھ لاکھ افراد کو ایک ہزار روپے فی کس اضافی دیاجارہاہے ،بائیومیٹرک سسٹم ہونے کے باعث کرپشن کا خاتمہ ہوگیاہے ،زکوة کی تقسیم آبادی کے لحاظ سے کی جاتی ہے ،محکمہ زکوة وعشر دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کوشاں ہے۔

اے پی پی سے گفتگوکرتے ہوئے سیکرٹری زکوة وعشر محمد حسن اقبال نے بتایاکہ بینکوں سے کٹوتی کے ذریعے زکوة کی مد میں سالانہ ساڑھے چار ارب روپے ملتے ہیں جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے بینکوں سے ملنے والے فنڈزآبادی کے لحاظ سے ملتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ محکمہ زکوة وعشر ٹریننگ یافتہ اور سکلڈسٹاف کی فلاح وبہبود کیلئے 5ارب روپے خرچ کررہاہے ،اس کے علاوہ رجسٹرڈ ٹرسٹ ہسپتالوں میں 50کروڑ روپے سالانہ مستحق اور نادار مریضوں کے علاج معالجے کیلئے دیئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ محکمہ زکوة و عشر نے 18اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیاہے جس کیلئے 10کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جس میں موٹرمکینک،الیکٹریشن،بیوٹیشن، موبائل ریپئرئر وہنرمندوں سمیت ٹیکنیکل کالجز و یونیوسٹیوں میں زیر تعلیم مستحق طلباء و طالبات کو سٹڈی کی مد میں سالانہ ایک لاکھ روپے فی کس دئیے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ زکوة کانظام شفاف ترین اور کمپیوٹرائزڈ کردیاگیاہے۔

ان کاکہناتھاکہ شوکت خانم کینسرہسپتال کو بھی سالانہ 3کروڑ روپے دئیے جارہے ہیں اس کے علاوہ پنجاب کے رجسٹرڈ مدارس کو12کروڑ روپے زکوة کی مد میں دئیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ غربت بہت زیادہ ہے جبکہ پنجاب کی آبادی 11کروڑ ہے جس میں 5کروڑ افراد غریب ہیں،کرپشن کے خاتمے کیلئے انسپکشن ٹیمیں ڈویژنل اور صوبائی سطح پر متحرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی زکوة فنڈ سے 2300ملازمین کو16ہزارروپے فی کس کے حساب سے تنخواہ دی جاری ہے جبکہ تقریبا 700ملازمین کو پنجاب حکومت کی طرف سے تنخواہیں ملتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زکوة وعشر واحد محکمہ ہے جہاں 99فیصد سے بھی زیادہ شفافیت ہے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات