قومی و صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کیلئے مختص 199 ، اقلیتوں کیلئے مختص 33 نشستوں پر سیاسی جماعتوں سے 6 جون تک ترجیحی فہرست طلب

جمعہ 1 جون 2018 18:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کیلئے مختص 199 اور اقلیتوں کیلئے مختص 33 نشستوں پر سیاسی جماعتوں سے 6 جون تک ترجیحی فہرست طلب کر لی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ انتخابی قانون 2017ء کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کیلئے مختص نشستوں پر اپنے امیدواروں کی ترجیحی فہرست متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنرز کے پاس جمع کرا دیں۔

قومی اسمبلی میں پنجاب سے خواتین کیلئے 33 نشستیں مختص ہیں، سندھ سے 14، بلوچستان سے 4 اور خیبرپختونخوا سے 9 نشستیں مختص ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں غیر مسلموں کیلئے 10 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کیلئے خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 66 جبکہ غیر مسلموں کی تعداد 8 ہے۔ صوبہ سندھ میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 29 جبکہ غیر مسلموں کی 9 نشستیں مختص ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین کیلئے 33 جبکہ غیر مسلموں کیلئے 3 نشستیں مختص ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں خواتین کی 11 اور غیر مسلموں کی 3 نشستیں ہیں جن پر امیدواروں کی ترجیحی فہرستیں جمع کرانے کیلئے آخری تاریخ 6 جون ہے۔ قومی اسمبلی کیلئے غیر مسلموں کی 10 مخصوص نشستوں کیلئے ترجیحی فہرستیں ایڈیشنل ڈائریکٹر الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد سیکرٹریٹ کے پاس جمع کرائی جائیں۔