مقامی کمیونٹی نے میزبانی کا حق اداکیا تو آزادکشمیر حقیقی معنوں میں سیاحت کی جنت بنے گا ،ْ مدحت شہزاد

سیاحت سے متعلق قوانین کے نفاذ سے دورس اثرات مرتب ہوں گے جن پر کام ہورہا ہے ،امید ہے کہ جلدہی ٹورازم پالیسی بھی منظور ہوگی ،ْ سیکرٹر ی اطلاعات آزاد کشمیر

جمعہ 1 جون 2018 18:52

آٹھمقام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) آزادکشمیر کی سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت ،آثارقدیمہ وآئی ٹی بورڈ مدحت شہزاد نے کہاہے کہ مقامی کمیونٹی نے میزبانی کا حق اداکیا تو آزادکشمیر حقیقی معنوں میں سیاحت کی جنت بنے گا ۔سیاحوں کو معلومات اور معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ، ہمیں اپنے رویوں سے سیاحوں کے دلوں کو جیتنا ہے ورنہ مری جیسی صورتحال پیدا ہوگی ۔

وہ یہاں وادی نیلم میں سیاحوں کو درپیش مشکلات اور ان کے حل کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں اظہار خیال کررہی تھیں ۔اجلا س میں ناظم اعلیٰ سیاحت وآثارقدیمہ سردار جاوید ایوب، ڈپٹی کمشنر ضلع نیلم راجہ شاہد محمود ، چیئر مین نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ راجہ یوسف ، ایس پی نیلم مرزا زاہد ، کنزرویٹر جنگلات سمیت مختلف محکمہ جات کے آفیسران ، ٹورآپریٹرز اور پرائیویٹ گیسٹ ہاوسز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی اور وادی نیلم میں سیاحوں کو درپیش چیلنجز پر گفتگو کی ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سیاحت واطلاعات نے کہاکہ عید کے ساتھ ہی آزادکشمیر بھر میں سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے اور وادی نیلم میں لاکھوں سیاح سیر کے لیے آئیں گے جن کو طعام وقیام ، حفاظتی اقدامات جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ سیاحت دیگر متعلقہ محکمہ جات اور پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ سیاحت کی جانب سے انٹری پوائنٹس پر معلومات کی فراہمی کے لیے ٹوریسٹ ویلکم بوتھ دن رات کھلے رہیں گے ، وادی نیلم میں سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مقامی کمیونٹی کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔

میزبانی آزادکشمیر کی عوام کا طرہ امتیاز ہے اور مہمان نوازی میں یہاں کے عوام اپنا ثانی نہیں رکھتے اس روایت کو ہمیں آگے بڑھانا ہے اور لالچ میں آکر سیاحوں کی کھال کھینچنے کے طرزعمل سے گریز کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیاحوں کی ہر طرح سے نگہداشت کے پیش نظر ٹورآپریٹرز ، گائیڈز ، ہوٹل اور ریسٹورنٹس کی رجسٹریشن کا عمل جلد ہی شروع کریں گے تاکہ اس اہم شعبے میں غیر رجسٹرڈ افراد کی تعداد میں کمی لائی جاسکے ۔

انہوں نے ان کا وادی نیلم آنے کا مقصد سیاحوں کو درپیش مشکلات سے آگاہی اور انہیں دور کرنے کے لیے اقدامات اٹھاناہے ۔جس کے لیے مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں کی آراء کو اہمیت دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی نیلم میں فوڈ سٹریٹس کے قیام کے لیے مناسب مقامات کی نشاندہی کی جارہی ہے ،ہماری کوشش ہے کہ مقامی کھانوں ، سبزیوں کو متعارف کرایا جائے اور دیسی چیزوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ ہو۔

جس کے لیے محکمہ زراعت اور امور حیوانات کو کردار اداکرنا چاہیے ۔سیکرٹری سیاحت نے کہاکہ سیاحت سے متعلق قوانین کے نفاذ سے دورس اثرات مرتب ہوں گے جن پر کام ہورہا ہے امید ہے کہ جلدہی ٹورازم پالیسی بھی منظور ہوگی ۔قبل ازیں ناظم اعلیٰ سیاحت وآثارقدیمہ سردار جاوید ایوب نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے پرائیویٹ گیسٹ ہاوسز اور ضلعی انتظامیہ کا محکمہ سیاحت کے ساتھ لیزان ضروری ہے ۔

معلومات کی فراہمی اور سائن بورڈز کے ذریعے سیاحوں کو مرکزی شاہراہ سے متصل مقامات کے بارے میں آگاہی محکمہ سیاحت فراہم کررہاہے ۔تاہم پرائیویٹ گیسٹ ہاوسز والے بھی اپنے قرب وجوار میں سیاحوں کے لیے نقصان دہ چیزوں کے بارے میں سائن بورڈز کی تنصیب کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ سکول وکالجز کے طلبا چھٹیوں میں ٹورگائیڈ اور آپریٹرکے طورپر کام سے آگاہی کے لی محکمہ سیاحت کے ساتھ منسلک ہوں تاکہ سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ معلومات میسر ہوسکیں کیونکہ مقامی نوجوان سیاحتی مقامات سے جتنا واقف ہوگا باہر کا ٹورآپریٹر نابلد رہے گا ۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ سیاحت سے متعلق تمام ادارے سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے مربوط اندازمیں کام کریں گے تاکہ سیاح خوش ہوکر واپس جائیں ۔

متعلقہ عنوان :