پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا راولاکوٹ میں ہاوسنگ سوسائٹی کے نام پر لوگوں کی زمینیوں پر قبضہ

متاثرین کا حکام بالاسے معاملہ کانوٹس لیکر ہائوسنگ سوسائٹی سے زمین کی واگزاری کامطالبہ

جمعہ 1 جون 2018 18:52

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے راولاکوٹ میں ہاوسنگ سوسائٹی کے نام پر لوگوں کی زمینیں ہتھیالیں ، معاوضے کی ادائیگی کے بغیر ہی مقامی لوگوں کی سینکڑوں ایکٹر اراضی پر قبضہ جمالیا،متاثرین نے حکام بالاسے معاملہ کانوٹس لیکر ہائوسنگ سوسائٹی سے زمین کی واگزاری کامطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے گلیکسی کمپنی کی ملی بھگت سے گلشن شہداء کے نام سے راولاکوٹ میں ہائوسنگ سوسائٹی قائم کی ۔

تاہم زمین کی خریداری کے نام پر مقامی افراد کی سینکڑوں ایکڑاراضی پر ادائیگی کئے بغیر قبضہ کرلیاہے۔جبکہ بعض افراد کے ساتھ زمینوں کی خریداری کے حوالے سے معاہد ہ ہی نہیں ہوا ان کی زمینیں بھی ہتھیائی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ گزشتہ چار سال سے سوسائٹی میں کسی قسم کاکوئی ترقیاتی کام شروع نہیں کیاگیا تاہم سوسائٹی کے نام پر علاقہ کے بنیادی انفراسٹر کچر کو تباہ کردیاگیا ہے اورمسلسل درختوں کی کٹائی سے علاقہ کے قدرتی حسن کو بھی نقصان پہنچایاجارہاہے ۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی اے افسران محکمہ مال کی ملی بھگت سے سوسائٹی کے نام پر بڑے پیمانے پر مقامی لوگوں کی زمین مسلسل ناجائزطریقے سے ہتھیارہے ہیں اوران زمینوں کے مالکان کوان کی اراضی مہنگے داموں خریدنے کے حوالے سے سہانے خواب دکھائے جارہے ہیں جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے ۔ ادارے کے پاس اپنے سٹاف ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے بھی رقم نہیں ہے ۔

ذرائع کاکہناہے کہ پی ڈی اے افسران کی جانب سے ڈی سی اور تحصیلدار کے ساتھ ملکر پٹواریوں کودبائومیں لاکراراضی کے ریکارڈ میں ردوبدل کیاجارہا ہے جس سے مقامی افراد میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔اہل علاقہ کی جانب سے صدر ،وزیراعظم آزادکشمیر ،چیف جسٹس آزادکشمیرسمیت دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی گئی کہ معاملہ کی سنگینی کانوٹس لیکر اس قبضہ گروپ سے ہماری زمینیں واگزار کرائی جائیں ۔