چیئرمین سینیٹ سے ایرانی سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کیلئے پارلیمانی ، تجارتی و اقتصادی شعبوں میں تعاون دینے پر زور

دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی بنیادیں وقت گزرنے کیساتھ مزیدمستحکم ہوئی ہیں، محمد صادق سنجرانی

جمعہ 1 جون 2018 18:52

چیئرمین سینیٹ سے ایرانی سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) چیئرمین سینیٹ سینیٹر محمد صادق سنجرانی نے پاکستا ن اور ایران کے درمیان دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کیلئے پارلیمانی ، تجارتی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران عوام کی ترقی اورخطے کی خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کی بنیادیں مذہبی ، ثقافتی اور سماجی مماثلتوں پر رکھی گئیں ہیں جو وقت گزرنے کیساتھ مزیدمستحکم ہوئی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یہ بات جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ایرانی سفیر مہدی ہنردوست کیساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان تعلقات کو پارلیمانی روابط کے ذریعے مزید آگے بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان عالمی سطح پر تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ چند برسوں میں دفاعی اور سکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون میں مزیدفروغ دیکھنے میں آیا ہے۔ایرانی سفیر نے چیئرمین کے خیالات کیساتھ اتفاق کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔