Live Updates

ہم سندھ سے محرومیاں ختم کرکے کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے،شہزاد قریشی

جمعہ 1 جون 2018 18:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات شہزاد قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بہت جلد قومی و صوبائی اسمبلی کے تمام امیدواروں کے نام فائنل کرلے گی اور ہم مضبوط امیدوار میدان میں اتاریں گے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم قومی اسمبلی کے الیکشن کے لیے منتخب کیے جانے پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو NA-247، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما لیاقت علی جتوئی کو NA-234، کراچی کے سینئر نائب صدر سیف الرحمن کو NA-242، سیّد علی زیدی کو NA-244 پر اور صوبائی اسمبلی کے لیے حلیم عادل شیخ PS-99، خرم شیر زمان PS-110 اور عمران اسماعیل PS-111 کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور پی ٹی آئی کے کارکنان و عہدیداران کا جوش و خروش عروج پر ہے۔ پیپلز پارٹی نے دس سال تک سندھ کو تباہ و برباد کیا اور سینکڑوں منصوبے ادھورے چھوڑ کر چلتی بنی۔ ہم سندھ سے محرومیاں ختم کردیں گے اور کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔ پی ٹی آئی کے تمام امیدوار عوام کے مسائل کا ادراک رکھتے ہیں اور انہیں حل کرنا خوب جانتے ہیں۔ ہم پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے عوام کے لیے بے لوث خدمات انجام دیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات