اسلام کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے ساتھ جوڑنے والے اسلام کی تعلیمات سے ناواقف ہیں ‘طاہر محمود اشرفی

اسلام کے تصور جہاد کو دنیا پر واضح کرنے کیلئے علماء اسلام کو قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنا ہو گا‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

جمعہ 1 جون 2018 19:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) غزوہ بدر اور فتح مکہ اسلام کے پیغام جہاد اور رواداری کی عملی مثالیں ہیں ، اسلام کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے ساتھ جوڑنے والے اسلام کی تعلیمات سے ناواقف ہیں ، اسلام کے تصور جہاد کو دنیا پر واضح کرنے کیلئے علماء اسلام کو قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنا ہو گا، انتہاء پسند اور دہشت گرد تحریکوں نے اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامعہ مسجد المصطفیٰ جوہرٹائون لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ اسلام میں جہاد کا حکم ظلم کے خاتمے اور مظلوم کی حمایت کیلئے ہے ، جہاد میں سبز درخت کو نہ کاٹنے اور گھاس کو نہ روندھنے کا حکم ہے ، انہوں نے کہا کہ آج اسلام اور مسلمانوں پر دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا الزام لگایا جا رہا ہے جبکہ اسلام امن ، سلامتی اور رواداری کا دین ہے اور تمام آسمانی کتب اور انبیاء ؑ کے احترام کا درس دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے غیرمسلموں کے حقوق کا تحفظ حکومت اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا الزام لگا کر مسلم ممالک کو کمزور کیا جا رہا ہے ، لیکن اسلامی تعلیمات کا مطالعہ کرنے والے صبح وشام اسلام کی حقانیت سے متاثر ہو کر اسلام میںشامل ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 9/11 کے بعد لاکھوں لوگوں کا اسلام میں شامل ہونا اس بات کو واضح کر رہا ہے کہ اسلامی تعلیمات کا مطالعہ کرنے والا اسلام کی نعمت سے محروم نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت 20 رمضان المبارک سے 30 رمضان المبارک تک ’’عشرہ تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ‘‘ منایا جائے گااور 03 جون کو شیخوپورہ ، 04جون اسلام آباد اور 10 جون کو ناصر باغ مال روڈ لاہور میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ کانفرنسیں منعقد ہوں گی۔